بھارتی فوج نے شوپیاں اور اسلام آبادکے اضلاع میں 17نوجوان کی شہادت پر وادی میں مکمل ہڑتال 

 
0
1507

سرینگر،02 اپریل(ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران شوپیاں اور اسلام آباد کے اضلاع میں 17 کشمیری نوجوان کوشہیدجبکہ گولیوں اور پیلٹ کے ذریعے کم از کم 200افراد کوزخمی کر دیاہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے جنوبی کشمیرمیں شوپیاں اور اسلام آ باد علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران جدید بارودی ہتھیاروں کا استعمال کرکے متعدد مکانوں کو تباہ کردیا جن میں13 نوجواں کی لاشیں نکالی گئیں جبکہ بھارتی فوجیوں نے سوگواروں پر اندھا دھند گولیوں ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کا وحشیانہ استعمال کرکے مزید چار افراد کو شہید کردیااور کم از کم دو سو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔بھارتی پولیس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں دعوی ٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں مارے گئے ۔تاہم مقامی افراد نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں اور پر امن مظاہرین پر فائرنگ کر کے شہید کیا گیا۔ادھر سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت کی کال پر نوجوانوں کے قتل کے خلاف پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال رہی جبکہ سرینگر کے علاقوں سرائے بالا اور کنہ کدل میں شہید نوجوانوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ دریں اثنا ء قابض انتظامیہ نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو احتجاجی مظاہروں کی قیادت سے روکنے کیلئے گرفتار کرکے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن سرینگر میں نظربند کردیاہے۔کشمیریونیورسٹی، اسلامی یونیورسٹی اور سینٹرل یونیورسٹی سمیت تمام تعلیمی اداروں کے پیر کو ہونیوالے امتحانات کوملتوی کردیاگیا ہے جبکہ دونوں اضلاع میں موبائل فون اور ریل سروسز معطل کر دی ہیں۔