بھارت حقائق جاننے والے مشن کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجاز ت دے ‘او آئی سی 

 
0
1181

جدہ،03اپریل(ٹی این ایس):اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر یوسف احمد العثیمین نے بھارت پر پھر زوردیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر کے بارے میں تنظیم کے خصوصی نمائندے اورمقبوضہ کشمیر کیلئے او آئی سی کے انسانی حقوق کے آزاد مستقل کمیشن کے حقائق جاننے والے مشن کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی کی اجاز ت دے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر یوسف احمد العثیمین نے جدہ سے جاری ایک بیان میں عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ، او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔ ڈاکٹر یوسف احمد العثیمین نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حال ہی میں شہید ہونیوالے کشمیریوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت بھی کیااور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔