روس کی ترکی کو ایس 400 میزائل پروگرام کی فراہمی کی یقین دہانی

 
0
437

ماسکو ،04اپریل(ٹی این ایس):روسی صدر ولادی میر پیوتن نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے ترکی کو جدید ترین فضائی دفاعی نظام ایس 400 کی فراہمی کا معاہدہ کیا ہے۔ روس ترجیحی بنیادوں پریہ نظام ترکی کو دے گا جو کہ دونوں ملکوں کے درمیان طے پائے دفاعی معاہدے کا حصہ ہے۔روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر پیوتن نے زور دے کر کہا کہ روس جدید ترین میزائل دفاعی شیلڈایس 400 کی جلد فراہمی کو یقینی بنائے گا۔اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے باہمی ملاقات میں روس کے جدید ترین دفاعی نظام ایس 400کی انقرہ کو جلد فراہمی پر بھی بات چیت کی ہے اور ہم اس معاہدے پر تیزی کے ساتھ عمل درآمد کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ادھر ایک دوسرے سیاق میں ترک صدر ایردوآن اور ولادی میر پیوتن نے ترکی میں جوہری ری ایکٹر کی تعمیر کے لیے ایک ورک شاپ کا آغازکیا ہے۔ یہ جوہری تنصیب روسا ٹوم گروپ کی زیرنگرانی قائم کیا جائے گا۔ یہ اقدام بھی انقرہ اور ماسکو کے درمیان بڑھتے فوجی تعاون کی دلیل ہے۔