نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کی بھارتی ہائی کمشنر سے ملاقات سمجھ سے بالاتر ہے: چوہدری نثار علی خان

 
0
357

ہم خون میں لت پت کشمیریوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔ جب تک ہماری پالیسی اور عمل میں یہ ابہام اور تضادات دور نہیں ہوں گے اس وقت تک کشمیریوں کی مدد کا دعویٰ ایک دکھاوا ہی رہے گا

اسلام آباد، اپریل  04 (ٹی این ایس):  چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں روارکھی گئی ہندوستانی دہشت گردی  کے پسِ منظر میں ایک سینئر حکومتی اہلکار کا بھارتی ہائی کمشنر سے ملاقات کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

اپنے ایک بیان میں ن لیگ کے روٹھے ہوئے سینئیر رہنماء نے کہا کہ ایسی ملاقاتوں سے پہلے سوچنا چاہیے کہ ہم خون میں لت پت کشمیریوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔ جب تک ہماری پالیسی اور عمل میں یہ ابہام اور تضادات دور نہیں ہوں گے اس وقت تک کشمیریوں کی مدد کا دعویٰ ایک دکھاوا ہی رہے گا۔

انھوں نے سوال کیا ہے کہ کیا بھارت میں متعین ہمارے ہائی کمشنر کو سینئر بھارتی حکومتی اہلکار اسی طرح ملاقات کا وقت دیتے ہیں؟ بلکہ الٹا وہاں ہمارے سفارت کاروں پر زمین تنگ کی جا رہی ہے اور اسلام آباد میں ہم ان کو بلا کر دوستی کی باتیں کر رہے ہیں۔

چوہدری نثار نے مزید کہا کہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کا نوٹس تو اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی لیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل ان واقعات کو کھلی ریاستی دہشت گردی قرار دے رہی ہے اور ادھر ہم ایسے پیغام دے رہے ہیں جیسے اس خطے میں سب اچھا ہے اور ہندوستان اور پاکستان قریب آ رہے ہیں۔ ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ اپنی آزادی کی خاطر شہید کیے جانے والے کشمیری پاکستان کے قومی پرچم میں دفن ہو رہے ہیں اور ہم ان کے قاتلوں سے ایسے ملاقاتیں کر رہے ہیں جیسے سب اچھا ہے یا کچھ ہوا ہی نہ ہو۔