کشمیر ی بھارت کے آگے کبھی سرنڈر نہیں کریں گے‘ سید علی گیلانی

 
0
308

سرینگر،05اپریل(ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری بھارت کے فوجی قبضے اورظلم وجبر کے آگے کبھی سرینڈر نہیں کریں گے اور اپنی جدوجہد صبح آزادی تک ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر مں جاری ایک بیان میں شوپیاں مارچ کو طاقت کے بل پرروکنے اور حریت رہنماؤں کو گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بند رکھنے کے قابض انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی غنڈہ گردی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس نے ان کے گھر کے مرکزی دروازے کو باہر سے ہاکر لگا کر بندکر دیا اور انہیں باہر آنے کی اجازت نہیں دی۔ سید علی گیلانی نے کہا ان کے گھر کی طرف جانے والی سڑک بھی خار دار تار کے ذریعے بند کر دی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت برطانوی سامراج سے آزاد ی پا کر طاقت کے نشے میں اس قدرمبتلا ہو گیا کہ اس نے جموں کشمیر کی سرزمین پر فوجی قبضہ جمالیا اور اسکے ساتھ ہی نومبر ، دسمبر1947 کے مہینوں میں جموں میں 5لاکھ مسلمانوں کو قتل کیا گیا اوریہ سلسلہ آج تک برابر جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 27برس کے دوران ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو قتل کیا گیا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو منصوبہ بند طریقے سے قتل کیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف کشمیریوں کو انکے قتل پر احتجاج کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔ سید علی گیلانی نے کشمیرکے بارے میں اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکریٹری کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا بیان بازیوں سے آج تک کچھ حاصل نہیں ہوا ہے اور نا ہی آئندہ کچھ حاصل ہو گاہے لہذا ضروری ہے کہ عالمی ادارہ اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عمل درآمد اور کشمیریوں کو حق خو د ارادیت دلانے کیلئے ٹھوس کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بار بار یہ کہہ رہا ہے کہ پاکستان اور بھارت بات چیت کے ذریعے اس مسئلے کو حل کریں لیکن وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 150سے زائد بار بات چیت ہوئی ، لیکن تنازہ کشمیر جوں کا توں ہے۔ سید علی گیلانی نے کہ بھارت نے اٹوٹ انگ کی رٹ لگائی ہوئی ہے جبکہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے جسکے سیاسی مستقبل کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ انکا ا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ کشمیریوں کو بھارت کے چنگل سے ضرور آزاد کرے گا۔ دریں اثنا سید علی گیلانی اور تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ایک مشترکہ بیان میں تحریک حریت کے رہنما محمد یوسف لون کے چاچا محمد جمال لون کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے غم زدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔