عالمی برادری مظلوموں کو دہشت گرد قراردیکر ان کی تذلیل کررہی ہے‘یاسین ملک

 
0
360

سرینگر،05اپریل(ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیرمیں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے قابض انتظامیہ کی طرف سے مشترکہ حریت قیادت کی کال پرشوپیان کی طرف مارچ پر قدغن عائد کرنے اور سید علی گیلانی اور میرواعظ محمد عمر فاروق اوردیگر حریت رہنماؤں کو مارچ کی قیادت کرنے سے روکنے کیلئے گھروں اورجیلوں میں نظربندکرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے جو سرینگر سینٹرل جیل میں نظربند ہیں جاری ایک بیان میں کہاکہ ایک دن کٹھ پتلی انتظامیہ کی طر ف سے اعلان کیا جاتا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد نہیں کی جائیگی تاہم دوسرے ہی دن ہر قسم سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی جاتی ہے اور چھوٹے سے چھوٹے سیاسی کام تک کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران، انکے کشمیری آلہ کار اور ایجنٹ جن کی قیادت آج کل پی ڈی پی کے ہاتھ میں ہے اوربھارتی قاتل فورسزجنہیںآرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قانون کے تحت کشمیریوں کے نسل کشیُ کی مکمل چھوٹ حاصل ہے پہلے نہتے کشمیریوں پر گولیوں اور پیلٹ گنوں کی بوچھاڑ سے انہیں قتل اورشدید زخمی کرتے ہیں اور پھر اس کے خلاف احتجاج، ماتم کرنے اور آواز اْٹھانے سے روکنے کیلئے کرفیو،پابندیوں، گرفتاریوں اور چھاپوں کے سلسلہ کو درا ز کیا جاتا ہے۔ یاسین ملک نے کہاکہ یہ سب کچھ دراصل بدترین بھارتی دہشت گردی ہے جو جمہوریت اور امن و امان کو قائم رکھنے کے نام پر کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ قندوز سے غزہ اور میانمار سے کشمیرتک ہر جگہ انسانوں کو آزادی، حق خودارادیت، باوقار زندگی اور ایسے ہی دیگر مطالبات پر بدترین مظالم کا سامنا ہے۔ انہوں نے حیرانگی ظاہر کی کہ عالمی برادری ان مظلوموں کو انصاف دلانے کے بجائے الٹا انہیں ہی دہشت گرد قرار دے کر ان کی تذلیل کررہی ہے اور علاقائی و عالمی سیاسی ،علاقائی ،معاشی اور دیگر خود غرض مفادات کیلئے ان کمزور قوموں کے مفادات کی بیخ کنی کی جارہی ہے۔یاسین ملک نے کہاکہ مظلوں کو انصاف فراہم کرنے اور ان کے انسانی حقوق کا تحفظ کئے بغیر دنیا میں پائیدارامن، استحکام، تعمیر و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ہے اور عالمی برادری جب تک اس حقیقت کو جان نہیں لے گی اس دنیا کو بہترین اور مثالی جگہ بنانا ممکن نہیں ہوگا۔کنگن میں ایک اور معصوم کشمیری گوہر احمد کے پولیس کے ہاتھوں قتل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک اور معصوم سفاک لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے لیکن حد یہ ہے کہ قاتل اس کو قتل کرنے سے بھی منکر ہیں۔ ادھر یاسین ملک جو سرینگر میں سینٹرل جیل میں نظربندہیں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7اپریل تک کی توسیع کر دی گئی ہے ۔انہیں 2اپریل کو گرفتار کر کے سرینگر سینٹرل جیل منتقل کیاگیا تھا ۔ لبریشن فرنٹ کے دیگر قائدین شوکت احمد بخشی اور بشیر کشمیری کے بھی جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی گئی ہے جبکہ سراج الدین میراور عبدالرشید مغلو مسلسل پولیس کی حراست میں ہیں۔