کشمیریوں پر بھارتی مظالم اجاگر کرنے کیلئے مختلف ممالک سفیر بھیجنے اور یوم یکجہتی کشمیر منانے پر وزیر اعظم پاکستان کا خیرمقدم 

 
0
367

سرینگر،05اپریل(ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے چھ اہم ممالک میں سفیر بھیجنے اورآج (جمعہ کو ) یوم یکجہتی کشمیر منانے کے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں حال ہی میں 18بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی شہادت نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیرکوعالمی برادری کی توجہ کامرکز بنادیا ہے اوردنیا بھر میں بڑے پیمانے پر بھارتی فورسز کے ظلم و بربریت اور قتل عام کی شدید مذمت کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان نے جو کہ مسئلہ کشمیر کا ایک اہم ترین فریق ہے نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے ٹھو س اور جامع اقدامات کئے ہیں۔آسیہ اندرابی نے کل( جمعہ کو ) کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کے اعلان پر بھی شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کے چھ اہم ممالک میں بھجوائے جانیوالے خصوصی نمائندے کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کیلئے رائے عامہ ہموار کریں گے اور نہتے کشمیریوں پر بھارت کے بدترین مظالم اور ریاستی دہشت گردی کو اجاگر کریں گے تاکہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھایاجاسکے ۔ آسیہ اندرابی نے اسے ایک مستحسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں نے پاکستان سے ایک مضبوط سفارتی فرنٹ قائم کرنے کی درخواست کی تھی اوروزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا یہ اقدام اس جانب پہلا قدم ہے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مسلسل کوششیں جاری رکھنا پاکستان کی ذمہ داری ہے اور اگر وہ یہ ذمہ داری اچھی طرح نبھاتا ہے تو بھارت کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ادھر دختران ملت کی ترجمان نے ایک بیان میں کہاہے کہ کرفیو اور پابندیوں کے باوجودپارٹی کا ایک وفد شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کیلئے شوپیاں پہنچے میں کامیاب رہا ۔