اقوام متحدہ ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر صورتحال کا سنجیدہ نوٹس لیں،جماعت اسلامی 

 
0
391

سرینگر،05اپریل(ٹی این ایس):جماعت اسلامیمقبوضہ کشمیرنے مقبوضہ وادی کے طول و عرض علی خاص طورپرجنوبی کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پربھارتی فورسزکے مظالم اور انکے قتل عام پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے اقوام متحدہ ،اسلامی تعاون تنظیم ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا فوری اور سنجیدہ نوٹس لیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کو ایک اعلیٰ سطح کی جائزہ ٹیم مقرر کرکے وادی کشمیر کی صورتحال کااز خود جائزہ لینا چاہیے کہ کس طر ح بھارتی فورسز کے اہلکار انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہے ہیں اور گولیوں اور بارود کی برسات کر کے بے گناہ کشمیریوں کا کس طرح بے دریغ قتل عام کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر یوں کا واحد جرم یہ ہے کہ وہ بھارتی حکومت سے اپنے اْن وعدوں پر عمل کا مطالبہ کررہے ہیں جو خود بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی سطح پر کشمیریوں سے کئے تھے ۔انہوں نے کہاکہ ہر قوم کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے اور کوئی قوم طاقت اور دولت کی بنیاد پر کسی دوسری قوم کا یہ بنیادی حق سلب کرنے کا کوئی جواز نہیں رکھتی ہے۔بھارت نے جس طرح کشمیریوں کی قتل و غارت کا ایک مذموم سلسلہ شروع کررکھا ہے اور وادی کے طول و عرض میں کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے وہ انتہائی تشویشناک ہے ۔ ترجمان نے اقوام عالم خاص طورپر اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اس دیرینہ تنازعے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے اورمقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی بند کرانے کی خاطر فوری ٹھوس اقدامات کرے۔ دریں اثنا جماعت اسلامی کے ایک وفد نے ایڈوکیٹ زاہد علی کی قیادت میں جنوبی کشمیرکے مختلف علاقوں میں جا کر شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔