بھارت کی جارحانہ پالیسی نے پورے خطے کو سنگین صورتحال سے دوچار کر دیا ہے‘ مشترکہ حریت قیادت

 
0
4094

سرینگر،06اپریل(ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے حالیہ قتل کو بدترین ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیرخالصتاً ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے لیکن بھارتی حکومت نے اس مسئلے کو فوجی طاقت کے بل پر حل کرنے کی جو جارحانہ پالیسی اختیار کررکھی ہے اُس نے اس پورے خطے کو ایک سنگین اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ طاقت اور قوت کے بل پر کسی قوم کی تحریک آزادی کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جاسکتا لہذا بھارت کو بھی جبر وا ستبداد سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ مشترکہ قیادت نے کہا کہ بھارت نے بے پناہ فوجی جماؤ ، دھونس ، دباؤ اور انسانیت سوز مظالم سے کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کو کچلنے کی جو پالیسی اپنارکھی ہے اور آئے روز نہتے کشمیریوں کو جس بے دردی سے شہید کیا جارہا ہے وہ عالمی ضمیر کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اس انسانی مسئلہ کو عدل و انصاف کی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔مشترکہ قیادت نے کہا کہ کشمیری عوام پر اس وقت جو وحشیانہ مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اور اور حال ہی میں شوپیاں ، اسلا م آباد اور گاندر بل کے اضلاع میں جس بے دردی کے ساتھ اٹھارہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا ، حریت قیادت اس پر کیسے خاموش رہ سکتی ہے۔مشترکہ مزاحتمی قیادت نے کہا کہ ایک طرف نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف لوگوں کو اسکے خلاف پر امن طریقے سے آواز بلند کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی اور حریت قیادت کی طرف سے دیے جانے والے پروگراموں کو پابندیوں اور نظر بندیوں کے ذریعے ناکام بنایا جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیری عوام اپنے جائز حق کے حصول کیلئے مال و جان کی قربانیاں پیش کررہے ہیں اور بھارت جس طرح سے تمام مسلمہ جمہوری اور اخلاقی ضابطوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے فوجی قوت کے بل پر ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے اس سے کشمیری نہ ماضی میں مرعوب ہوئے اور نہ آئندہ ہونگے۔مشترکہ قیادت نے مقبوضہ وادی بھر میں طلباء کے پرامن مظاہروں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والا طبقہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف سراپا احتجاج ہے ۔دریں اثنا مشترکہ قیادت کی اپیل پر جمعہ کو مقبوضہ وادی بھر میں قابض فورسز کی حالیہ ریاستی دہشت گردی اور نوجوانوں کے قتل کے خلاف پر امن احتجاج کیا گیا۔