ادویات کی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت

 
0
1200

اسلام آباد،06اپریل(ٹی ا ین ایس):سپریم کورٹ میں ادویات کی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 15مئی کو رات دن بھی بیٹھنا پڑا تو معاملہ پورا سن کر اٹھیں گے،واضح کردوں کہ کوئی التوا نہیں دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے ادویات کی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت کی،اس موقع پر سیکرٹری صحت سمیت دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔سیکرٹری صحت نے ادویات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق عبوری رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے حکم کے مطابق 11 معاملات پر کام کرنا تھا۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے حکام وزارت صحت سے قیمتوں میں کمی سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ 15 مئی کو رات دن بھی بیٹھنا پڑا تو معاملہ پورا سن کر اٹھیں گے،واضح کردوں کہ کوئی التوا نہیں دیا جائے گا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہم نے کسی کو بھی کسی اورفورم پر جانے کی اجازت نہیں دینی،مفادعامہ کے جن معاملات میں ہاتھ ڈالاہے انہیں یہیں حل کریں گے،چیف جسٹس نے کہا کہ واضح کردوں اس معاملے میں کسی کوقانونی چارہ جوئی کی اجازت نہیں دیں گے،تفصیلی رپورٹ کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔دوران سماعت شہری نے فارماسیوٹیکل انڈسٹری پر عائدٹیکسز ختم کرانے کی استدعاکی تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس لگانے یا ختم کرنے کا فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے،ٹیکس کا معاملہ عدالت دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کوئی مہم چلا رہے ہیں تو پارلیمنٹ سے رابطہ کریں۔