تنگوانی ، اپریل 06 (ٹی این ایس): کندھ کوٹ کے سیاسی، سماجی، مذہبی اور کاروباری شخصیات شہر میں قبضہ مافیا اور شہری مسائل کے حل کے لئے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کندھ کوٹ شہر میں قبضہ مافیا اور و دیگر مسائل میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر سماجی رہنما ایڈوکیٹ عبدالغنی بجارانی کی زیر صدارت میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کی مختلف سیاسی، سماجی ،مذہبی اور کاروباری تنظیموں کے رہنماوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شہری اتحاد کی جانب سے حاجی حضور بخش مغل،وکیل لالا عبدالفتح پٹھان،عزیز سمیجو ،جماعت اہلسنت کے رہنما مولوی یار محمد سھریانی،سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے استاد ظریت بجارانی ،مجلس وحدت المسلمین کے میر فائق علی جکھرانی،قومی عوامی تحریک کے رہنما سجاد بروہی ،قومی امن کمیٹی کے رہنما طفیل احمد مرھٹو ،سندھ ترقی پسند پارٹی کے رہنما قمر الدین سھریانی،دیدار سبزوئی، جمیعت علما اسلام کے رہنما مولوی ابراہیم خاکی،جماعت اسلامی کے رہنما غلام مصطفی میرانی ،پی ایس پی کے رہنما بشیر احمد میرانی،امداد کوسو، اسد اللہ کوسواور مصطفی آکاش نے اپنی تقاریر میں کہا کہ شہر میں دن بدن بڑھنے والے قبضہ مافیا جو کہ با اثر افراد کی پشت پناہی میں سرکاری پلاٹوں، سڑکوں اورعام راستوں پر قبضہ کر رہے ہیں انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ اس موقع پرقبضہ مافیا کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے اور شہر کے دیگر تمام مسائل کے حل کے لئے آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے میزبان ایڈوکیٹ عبدالغنی بجارانی نے تمام جماعتوں کے رہنماوں کے مشورے سن کر اعلان کیاکہ پہلے قبضہ مافیا کے خاتمے کے لئے احتجاجی تحریک طلائی جائے گی اور سلسلہ میں روزانہ کی بنیاد پر ریلیوں اور دھرنوں کا انعقاد کیا جائے گا اور آنے والے دنوں میں اس تحریک کو اونچی سطحوں پر لیجایا جائے گا۔