اٹک، اپریل 07 (ٹی این ایس): کمشنر / چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی ندیم اسلم چوہدری کی ہدایت پر پروفیسر غلام محمد جھگڑ نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیرانتظام امتحان میٹرک سالانہ 2018ء کے پرچوں کی مارکنگ کے لیے سنٹرلائزڈ مارکنگ سنٹر اٹک کا دورہ کیا مارکنگ کے حوالہ سے ایک بریفنگ کا اہتمام گورنمنٹ پائلٹ ہائر سیکنڈری سکول اٹک میں کیا گیا جس میں ضلع اٹک کے ہیڈ ایگزامینرز، سب ایگزامینرز اور دیگر عملہ نے شرکت کی، بریفنگ دیتے ہوئے پروفیسر غلام محمد جھگڑ نے کہا کہ تعلیم و تعلم کے پیغمبری فرائض کی ادائیگی کے بعد پیپرز مارکنگ کی نہایت اہم ذمہ داری بھی اب آپ کے کندھوں پر آن پڑی ہے آپ شفاف ،غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انداز سے طلبہ کی سال بھر کی محنت یعنی پرچوں کی جانچ پڑتال اور نمبر اندازی کریں یہ تمام طلبہ ہمارے اپنے بچے ہیں یہی ہمارا کل ہیں اور مستقبل کے معمار ہیں آپ کے علم میں ہے کہ یہ طلبہ ہی تھے جو حصول پاکستان کی تحریک میں قائد اعظم کے شانہ بشانہ ہراول دستہ تھے اور آج وطن عزیز کے روشن مستقبل کا ستارہ بھی یہی طلبہ ہیں امید ہے کہ حق بہ حقدار رسید کے سنہری اصول پر عمل پیرا ہوتے ہوئے آپ یہ بھرپور ذمہ داری احسن طریقہ سے نبھائیں گے اسی طرح قابل اور اہل طلبہ ہی ہر شعبہ زندگی میں ابھر کر سامنے آئیں گے اسی سے انصاف کا بول بالا ہوگا جو کہ ملک کی حقیقی ترقی کا ضامن ہے مارکنگ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ہونی چاہئے اس حوالہ سے آپ کو کوئی مسئلہ درپیش ہوتو آپ براہ راست کنٹرولر امتحانات یا مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں آپ کی طرف سے دلائی گئی توجہ پر فوری طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔