اٹک، اپریل 07 (ٹی این ایس): امیدوار صوبائی اسمبلی احمد تاج خانزادہ نے کہا ہے کہ رورل سنٹر رنگو میں فی الفور ڈاکٹرز ، سٹاف، سہولیات اور ادویات کی کمی کو پورا کیا جائے ورنہ ہم لائحہ عمل طے کرینگے تو کرسیوں پر بیٹھے لوگوں کی نیندیں حرام ہو جائیں گی ، چھچھ کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز ، سہولیات ، ادویات کی کمی کے ذمہ دار نااہل عوامی نمائندے اور محکموں میں بیٹھے سربراہان ہیں ، حکومت مریضوں کو ریلیف نہیں دے سکتی تو ہسپتالوں کو تالے لگا دے ، تحصیل حضرو کے ہسپتالوں میں مریضوں کو ریلیف نہ ملنا اور مسائل کا سامنا کرنا منتخب عوامی نمائندوں کیلئے باعث شرم ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی شکایات پر رنگو ہسپتال کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کیا ، اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالرشید سے نے انہیں بتایا کہ ہیلتھ سنٹر میں SMO، ایکسرے سپیشلسٹ، ڈاکٹرز ، نرسز ، کلاس فور، چوکیدار حتیٰ کہ صفائی کرنے والے اہلکاروں کی بھی کمی ہے جس وجہ سے ہمیں اور پھر مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ، احمد خانزادہ نے مزید کہا کہ منتخب نمائندے اور حکومت سرکاری ہسپتالوں میں غریب مریضوں کو مرنے کیلئے اور بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے ، اگر ان ہسپتالوں میں غریب مریضوں کا علاج ممکن نہیں تو انہیں بند کر دیا جائے غریب مریض تو ویسے ہی علاج کیلئے ترس رہے ہیں۔