سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کی رہائشگاہ کے باہر پارک کی بحالی کی عملدرآمد رپورٹ جمع ہونے پر از خود نوٹس کیس نمٹا دیا

 
0
309

لاہور ،07اپریل(ٹی این ایس):سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی رہائشگاہ کے باہر پارک کی بحالی کی عملدرآمد رپورٹ اور اسحاق ڈار کی جانب سے اخراجات کی مد میں رقم کی بذریعہ چیک ادائیگی پر از خود نوٹس کیس نمٹا دیا ۔ گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سماعت کی ۔ ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ افسران عدالت کے رو برو پیش ہوئے ۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے اسحاق ڈار کی رہائشگاہ کے باہر سڑک کی تعمیر کیلئے اکھاڑے گئے پارک کی عدالت حکم کے مطابق بحالی کی عملدرآمد رپورٹ پیش کی ۔ انہوں نے بتایا کہ پارک کو اس کی اصل حالت میں بحال کر دیا گیا ہے اور اس پر 4.9ملین روپے کے اخراجات آئے ہیں ۔ اس موقع پر اسحاق ڈار کی جانب سے 4.9ملین روپے کا چیک بھی عدالت میں پیش کیا گیا جسے ایل ڈی اے کے حوالے کر دیاگیا ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ اسحاق ڈار نے پارک ختم کرنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ چیف جسٹس نے پی ایچ اے کو پارک کی بحالی کے لئے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچے پارک میں اسی طرح کھیلیں جیسے پہلے کھیلتے تھے جس کے بعد پارک پر لیا گیا از خود نوٹس نمٹا دیا گیا۔