اسلام آباد،اپریل 08(ٹی این ایس): نیب کے کرپٹ افسران سے عاجز منسٹری آف کامرس ایمپالائز ہاؤسنگ سوسائٹی کی ایکشن کمیٹی نے سوسائٹی نیب کے کرپٹ افسران کے حوالے کرنے کا اعلان کردیا ،نیب افسران کے خلاف پریس کانفرنس اور بھوک ہڑتالی کیمپ کے بعد سوسائٹی نیب کے حوالے کر دی جائےگی۔نیب کا نعرہ say no to corruption کھوکھلا ثابت ہو گیا بااثر اور کرپٹ افسران جیت گئے چیئرمین نیب کی بے بسی بھی عیاں ہو گئی چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جناب جسٹس ثاقب نثار اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ منسٹری آف کامرس ایمپالائز ہاؤسنگ سوسائٹی کے دس ہزار ممبران کی زندگی بھر کی جمع پونجی نیب کے کرپٹ افسران سے لٹنے بچائیں سول سوسائٹی اور وکلا مدد کیلئے آگے بڑھیں ۔منسٹری آف کامرس ایمپالائز ہاؤسنگ سوسائٹی( ایکشن کمیٹی)نے سابق چئیرمین نیب کی باقیات اور کرپشن میں ملوث نیب کے سینئر افسران کے خلاف نیب ہیڈکواٹر کے باہر تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کا اعلان کر دیا۔
ٹی این ایس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایکشن کمیٹی چوہدری ارشد کا کہنا تھا کہ جلد پریس کانفرنس کے ذریعے سول سوسائٹی،وکلاء اور صحافیوں کو نیب کی صفوں میں موجود کرپٹ عناصر کے کردار سے آگاہ کیا جائے گا اور نیب میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف ثبوت بھی متعلقہ اداروں اور میڈیا کو فراہم کیئے جائیں گے پریس کانفرنس میں نیب کے ان کرپٹ عناصر کے دیگر سوسائٹیز اور بڑے پراجیکٹس میں کرپشن کے ثبوت بھی میڈیا کے سامنے رکھے جائیں گے۔
جس کے بعد دس ہزار کے قریب سوسائٹی ممبران کے ساتھ نیب ہیڈکواٹر کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جائے گا جو تادم مرگ جاری رہے گا ،یاد رہے نیب افسران پر مشتمل ایک طاقتور گروہ جس کے آگے موجودہ چیئرمین نیب بھی بے بس دکھائی دے رہے ہیں طویل عرصے سے منسٹری آف کامرس ایمپالائز ہاؤسنگ سوسائٹی کے اثاثوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے نیب کے سینئر افسران پر مشتمل اس گروہ نے ٹاوٹس کا باقاعدہ ایک گروہ بنا رکھا ہے۔
جو مختلف طریقوں سے سوسائٹی میں لوٹ کھوسٹ میں مصروف ہیں یہ ٹاوٹس پہلے نیب میں درخواستیں دیتے ہیں جسکے بعد ان درخواستوں کی انکوائریز بھی انھی افسران کے سپرد کر دی جاتی ہیں جو ان ٹاوٹس کی پشت پناہی کرتے ہیں جسکے بعد کرپشن کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے،چیئرمین ایکشن کمیٹی چوہدری ارشد کا مزید کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ سوسائٹی ہی نیب کے ان کرپٹ افسران کے حوالے کر دی جائے جو طویل عرصے سے مختلف طریقوں سے سوسائٹی کے اثاثوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں کیونکہ موجودہ چئیرمین نیب بھی اس طاقتور گروہ کے آگے بےبس دکھائی دے رہے ہیں ۔
چیئرمین نیب نے منسٹری آف کامرس ایمپالائز ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر کو جیل سے طلب کرنے اور انکا موقف جاننے کے بعد نیب کے کرپٹ افسران کے خلاف باقاعدہ ایک انکوائری شروع کرنے کا بھی اعلان کیا تھا تاہم بااثر نیب افسران اس انکوائری پر بھی اثر انداز ہوئے اور یہ انکوائری سرد خانے کی نظر ہو گئی نیب کے ان افسران کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر سوسائٹی کے ممبران نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی کیلئے نیب ہیڈکواٹر کے باہر تادم مرگ بھوک ہڑتال اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی کے دس ہزار ممبران اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی بچانے کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف سے آخری امید وابستہ کیئے ہوئے ہیں اگر کوئی ایکشن نہ لیا گیا تو نیب ہیڈکواٹر کے باہر تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔