مقبوضہ کشمیر، آسیہ اندرابی کی بھارتی پولیس کے ہاتھوں 7پارٹی کارکنوں کی گرفتاری کی شیدید مذمت

 
0
326

سرینگر،09اپریل(ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی چےئر پرسن آسیہ اندرابی نے ضلع پلوامہ کے علاقے پنگلنہ میں بھارتی پولیس کے ہاتھوں7پارٹی کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پنگلنہ میں پارٹی وفد کی گرفتاری کے بعد بھارتی پولیس ان کو پولیس سٹیشن پلوامہ لے گئی جہاں سے ان کو سینٹرل جیل سرینگر منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ گرفتار خواتین میں سے ایک کا رشتہ دار ان سے ملنے گیا لیکن بھارتی پولیس نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور ان کو ملنے نہیں دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کسی کو سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنے کی اجازت بھی نہیں دیتیں۔ انہو ں نے کہاکہ خواتین کارکن اپنی ایک بہن کے ساتھ دکھ اور افسوس کا اظہار کرنا چاہتی تھیں جس کے بھائی کا حال ہی میں انتقال ہوگیا تھا لیکن ان کو راستے میں ہی روکا گیا جو ظلم کی انتہا ہے۔ دریں اثناء جموں وکشمیر مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ڈولی پورہ پلوامہ کے شہیدنوجوان مصور احمد وانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے تحریک آزادی کشمیر کو دبانہیں سکتا۔ مصور احمد وانی کو بھارتی فورسز نے حال ہی میں ضلع پلوامہ کے علاقے کنگن میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ ترجمان نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔انہو ں نے جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔