مقبوضہ کشمیر، گزشتہ سال بھارتی پارلیمانی انتخابات کے موقع پرنہتے شہریوں کی شہادت کی برسی پرضلع بڈگام میں ہڑتال

 
0
354

سرینگر،09اپریل(ٹی این ایس):مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سال بھارتی پارلیمانی انتخابات کے موقع پر بھارتی فورسز کے ہاتھوں 9نہتے شہریوں کی شہادت کی برسی پرآج وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع کے علاقوں چاڈورہ، چرار شریف، پکھر پورہ، ڈلون، رٹھسونہ ، بیروہ اور دیگر علاقوں میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے۔قابض انتظامیہ نے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے علاقے کے تمام کالجوں اور سکولوں کوبند رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ بھارتی پالیمنٹ کے لیے حلقہ انتخاب سرینگر میں گزشتہ سال ہونے والے انتخابات کے موقع پرحریت قیادت کی طرف سے بائیکاٹ کی اپیل کی وجہ سے تاریخ کے سب سے کم یعنی صرف7 فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے۔ بھارتی فورسز نے لوگوں کو ووٹ ڈالنے پر مجبور کرنے کے لیے طاقت کاوحشیانہ استعمال کرکے 9نہتے شہریوں کو شہید بھی کیا تھالیکن اس کے باوجود لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے نہیں نکلے۔ آٹھ افراد کو بڈگام میں جبکہ ایک کو ضلع گاندربل کے علاقے بارسو میں شہید کیا گیا تھا۔