انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز پشاور ریجن ویمنز مقابلوں کا آغاز

 
0
345

پشاور، اپریل 09 (ٹی این ایس): ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام پشاور ریجن انٹر ڈسٹرکٹ ویمنز مقابلے گزشتہ روز چارسدہ سپورٹس کمپلیکس میں رنگا رنگ تقریب میں شروع ہوگئے ۔مقابلوں کا افتتاح ڈپٹی کمشنر چارسدہ منتظر خان نے کیا ان کے ہمراہ ڈی پی او ظہور آفریدی‘ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی‘ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ سلیم رضا‘ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر پشاور جمشید بلوچ‘ڈی ایس او چارسدہ تحسین اللہ خان‘ سلیمان خان ‘آرگنائزنگ سیکرٹری حامد علی ‘ایڈمن آفیسر جعفر شاہ اور کاشف فرحان سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں،رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں چارسدہ ‘نوشہرہ اور پشاور ڈسٹرکٹ کی پانچ سے زائد خواتین تیرہ گیمز میں حصہ لے رہی ہیں ‘تمام ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا ‘مہمان خصوصی کو ویلکم سانگ پیش کیا گیا ‘قومی ترانہ ‘ملے نغمے ‘روایتی رقص اور پی ٹی شو ہوا جبکہ بینڈ نے خوبصورت دھنیں پیش کیں‘افتتاحی روز ہونیوالے مقابلوں میں پشاور کو برتری حاصل ہے.

بیڈمنٹن کے مقابلوں میں پشاور نے نوشہرہ کو صفر کے مقابلے میں تین ‘رسہ کشی میں پشاور نے چارسدہ کو صفر کے مقابلے میں دو گیمز سے شکست دی،والی بال کے مقابلوں میں پشاور نے نوشہرہ کو پچیس انیس اور پچیس سترہ سے ہرایا ‘نیٹ بال کے مقابلوں میں پشاور نے نوشہرہ کو دو کے مقابلے میں چار گیمز سے شکست دی،سکواش میں پشاور نے چارسدہ کو گیارہ پانچ اور گیارہ چھ سے شکست دی جبکہ ٹیبل ٹینس میں پشاور نے چارسدہ کو ایک کے مقابلے میں تین گیمز سے ہرایا ‘ڈپٹی کمشنر منتظر خان نے کہا کہ حکومت مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی یکساں کھیلوں کی سہولتیں اور مواقع فراہم کررہی ہے امید ہے کہ ان گیمز میں خواتین اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کریں گی ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی نے کہا کہ ہماری خواتین کسی بھی لحاظ سے پیچھے نہیں ہیں ان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ضرورت انہیں سہولتیں اور مواقع فراہم کرنے کی ہے امید ہے کہ وہ یہی خواتین مستقبل میں بھی ملک وقوم کے لئے کارنامے سرانجام دیں گی۔