یونین کونسل کورال کی ناقص کارکردگی، علاقہ مکینوں کو پینے کا صاف پانی کی فراہمی کے بجائے ٹینکر مافیا کے رحم وکرم پر چھوڑ دیاگیاہے

 
0
665

علاقہ مسائلستان بن چکا، سرکاری تنخواہ لینے والے یونین کونسل کا عملہ دفترکھلاچھوڑ کر اپنے اپنے گھروں میں مزے کرتا ہے
اسلام آباد، اپریل 09 (ٹی این ایس): یونین کونسل کورال جس کی آبادی پچاس ہزار سے زائدنفوس پر مشتمل ہے،چیئرمین قیصربھٹی کے غیرسنجیدہ پن اورناقص حکمت عملی کے باعث گوناں گوں مسائل سے دوچارہیں۔اس علاقے کے مکین اس وقت پینے کے پانی کے لئے ترس رہے ہیں۔واٹرسپلائی سکیم کوجان بوجھ کر ناکام بناکر آبادی کو ٹینکرمافیاکے رحم وکرم پر چھوڑ دیاگیاہے۔

کورال کے مکینوں کی بارہاشکایت پر’’ٹی این ایس ورلڈ‘‘ کی ٹیم نے اس علاقے کاخصوصی سروے کیاتو افسوسناک حالات دیکھنے کو آئے۔وفاقی دارالحکومت کا یہ مضافاتی علاقہ اس وقت چیئرمین یونین کونسل کی عدم دلچسپی کے باعث مسائلستان بن چکاہے۔ایک طرف اگر جابجاگندگی کے ڈھیرہیں تودوسری طرف علاقے کے مکین پینے کے صاف پانی کے لئے ترس رہے ہیں۔علاقے کے مکینوں کاکہناہے کہ پوری آبادی اس وقت پانی کا ٹینکرمنگوانے پر مجبورہیں۔

ٹی این ایس ورلڈ کی ٹیم نے چیئرمین یوسی سترہ کورال قیصربھٹی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو ان کے گھرکے باہرتعینات گارڈ نے بتایاکہ صاحب اس وقت دفترگئے ہوئے ہیں اور جب ان کے دفترجاکر ان سے بات کرنے کی کوشش کی گئی تو وہاں بتایا گیا کہ چیئرمین کے ساتھ آئی بی کے ڈائریکٹر خاص میٹنگ میں مصروف ہیں۔جب ٹی این ایس ورلڈ کی ٹیم یونین کونسل کورال کے دفترگئی توتمام عملہ حاضری لگانے کے بعددفتر سے غائب تھا اورسرکاری تنخواہ لینے والے یہ افسران دفترکھلاچھوڑ کر اپنے اپنے گھروں میں مزے کررہے تھے ۔

یونین کونسل کے عملے کا کہناتھاکہ چیئرمین یوسی کورال کی کوششوں سے ایک نیاٹیوب ویل تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اوربہت جلد علاقے کے مکینوں کو پینے کا صاف پانی میسرہوگاتاہم جب غوری فیزٹوکے سامنے اس زیرتعمیرٹیوب ویل کا جائزہ لیاگیاتوابھی تک ماسوائے عمارت کھڑی ہونے کے اس ٹیوب ویل کے سارے کام ادھورے تھے اورعوام کولالی پاپ دینے کے سواکچھ نہ تھا۔