سعودی عرب 26 اپریل کو پیرس میں انسداد دہشت گردی کانفرنس میں شرکت کرے گا

 
0
334

پیرس،10اپریل(ٹی این ایس):سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فرانسیسی صدر عمانوئل ماکروں سے ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور عالمی امن پر بھی بات چیت کی ہے جبکہ ولی عہد نے یقین دلایا کہ سعودی عرب 26 اپریل کو پیرس میں ہونے والی انسداد دہشت گردی کانفرنس میں اپنا وفد بھی بھیجے گا۔عرب ٹی وی کے مطابق الیزے پیلس میں ہونے والی ملاقات میں صدر ماکروں اور شہزادہ محمد بن سلمان نے دوطرفہ تجارتی تعاون کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فرانسیسی ایوان صدر کے ایک ذریعے کا کہنا تھاکہ دونوں ممالک ایک نئی اسٹڑیٹیجک دستاویز کی تیاری پر کام کررہے ہیں جس میں باہمی تعاون کے کئی سمجھوتے شامل ہیں۔ اس دستاویز پر دستخط کے لیے صدر ماکروں رواں سال سعودی عرب کا خصوصی دورہ بھی کریں گے۔ذرائع کاکہناتھا کہ صدر میکروں اور ولی عہد کے درمیان ملاقات تین گھنٹے جاری رہی۔ ایک گھنٹہ وہ ایک نمائش میں ایک ساتھ رہے جب کہ دو گھنٹے ریشیلیو ہوٹل میں باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا۔فرانسیسی ایوان صدر کے ذریعے کا کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور فرانسیسی صدر نے انگریزی میں بات چیت کی۔ دونوں رہ نماؤں کی ایک دوسرے سے دوستانہ ماحول میں بات چیت نے ذاتی تعلقات کو بھی مضبوط کیا۔فرانسیسی صدر عمانوئل ماکروں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے تزویراتی مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ سعودیہ کے ساتھ نئے اتحاد کی بناء ڈالی جاسکے۔ الیزے پیلس کے ذریعے کے مطابق صدر ماکروں سعودی عرب کو اپنا اہم ترین اتحادی خیال کرتا ہے اور دونوں ملکوں کا ویڑن ایک ہی ہے۔ صدر ماکروں نے کہا کہ ان کا ملک خطے کے تمام ممالک امارات، سعودی عرب، ایران اور قطرکے ساتھ مذاکرات کا حامی ہے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر عمانوئل ماکروں کیدرمیان انسداد دہشت گردی اور عالمی امن پر بھی بات چیت کی گئی۔ ولی عہد نے یقین دلایا کہ سعودی عرب 26 اپریل کو پیرس میں ہونے والی انسداد دہشت گردی کانفرنس میں اپنا وفد بھی بھیجے گا۔