تنہا مہاجر بچے اپنے اہل خانہ کو یورپ بلا سکتے ہیں،یورپی عدالت کا فیصلہ

 
0
1449

لکسمبرگ،13اپریل(ٹی این ایس):یورپی یونین کی اعلیٰ ترین عدالت نے کہاہے کہ ایسے تنہا نابالغ مہاجر، جنہیں یورپی ممالک میں سیاسی پناہ دے دی گئی ہو، اپنے اہل خانہ کو اپنے پاس بلوانے کے حق دار ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس عدالت نے اپنے ایک فیصلے میں کہا کہ ایسے مہاجر جو اس وقت یورپی یونین میں داخل ہوئے، جب وہ اٹھارہ برس سے کم عمر کے تھے اور اس کے بعد ان کی جانب سے سیاسی پناہ کے لیے دائرکردہ درخواست منظور کر لی گئی، جب کے اس دوران وہ قانونی طور پر بالغ کہلائے جانے کی عمر یعنی اٹھارہ برس کے ہو چکے ہوں، اپنے اہل خانہ کو یورپ بلا سکتے ہیں۔یورپی یونین کی اعلیٰ ترین عدالت میں یہ فیصلہ اریٹریا سے تعلق رکھنے والی اس لڑکی کے مقدمے میں دیا گیا، جو 2014 کے اوائل میں 17 برس کی عمر میں ہالینڈ پہنچی تھی، جب کہ جون میں وہ اٹھارہ برس کی ہو گئی۔ اس کی جانب سے سیاسی پناہ کے لیے دائر کی جانے والی درخواست پر فیصلہ اس کی اٹھارہویں سالگرہ سے چار ماہ بعد ہوا، جس کے تحت اسے ہالینڈ میں سیاسی پناہ دے دی گئی۔لکسمبرگ میں قائم یورپی عدالت برائے انصاف نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایسے تمام تارکین وطن جن کی جانب سے یورپی ممالک میں سیاسی پناہ کی درخواست قبول ہو گئی ہے، اگر وہ یورپی یونین میں داخلے کے وقت 18 برس سے کم عمر کے تھے، تو انہیں یہ حق حاصل ہو گا کہ وہ اپنے والدین کو اپنے پاس بلا سکیں۔