سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کے مطابق ہے‘نوازشریف خود پاناما کیس لے کر سپریم کورٹ گئے تھے،خورشید شاہ

 
0
411

اسلام آباد ، 13 اپریل ( ٹی این ایس ): سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 62ون ایف کے تحت نااہلی کی مدت کی تشریح کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی نااہلی کی مدت کو تاحیات قرار دے دیا، عدالتی فیصلے کو تحریک انصاف نے قبول جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مسترد کردیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سیاست دانوں کو پارلیمنٹ کی بالادستی کو قبول کروگے تو فیصلے پارلیمنٹ میں ہوں گے اور اگر قبول نہیں کروگے تو سیاست کو کھو دو گے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جمہوریت کے دشمنوں اور عوام کے دشمنوں نے پارلیمنٹ کو پامال کیا۔نوازشریف سے درخواست کی تھی کہ پاناما کے معاملے کو پارلیمنٹ میں ڈسکس کیا جائے مگر وہ سپریم کورٹ چلے گئے انہوں نے کہا کہ آرٹیکل62ون ایف اسی ڈکٹیٹرکا بنایا ہے جس کے نوازشریف وزیراعلی تھے اور انہوں نے اس کے مرنے تک اس کا ساتھ دیا انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پارلیمنٹ کی یہ عمارت اسی لیے بنائی تھی کہ سیاست دان اپنے معاملات اسی عمارت میں طے کریں – ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمان آرٹیکل 62/63کو ختم کرسکتی ہے اگر حکومت چاہے تو اسے پارلیمنٹ میں لے آئے-انہوں نے کہا کہ ہم نے جو قانون سینیٹ نے بھیجا تھا اس کا حکومت نے بائیکاٹ کیا جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، آج ان کے پچھتاوے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق فیصلہ کرنا ہوتا ہے لہذا سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق فیصلہ دیدیا ہے-تحریک انصاف کے راہنما نعیم الحق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کیا اور کہا کہ نواز شریف نے ریاست کا مذاق بنایا تھا اور حلف کی خلاف ورزی کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے ان کے خلاف فیصلہ سنایا۔تحریک انصاف کے راہنما جہانگیر ترین کی بھی تاحیات نا اہلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کو پہلے بھی نا اہل قرار دیا گیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے انتخابات میں بھی حصہ نہیں لیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے معاون ہیں اور وہ اپنا کردار ویسے ہی ادا کرتے رہیں گے جیسے کر رہے تھے۔