الیکشن کمیشن نے اس کے لئے ہیلپ لائن اور ویب سائٹ کے علاوہ 15 ہزار سے زائد ڈسپلے سنٹرز بھی کھولے ہیں
اسلام آباد،اپریل 13 (ٹی این ایس): جنرل الیکشن 2018ء کے سلسلے میں ابتدائی انتخابی لسٹوں کی تیاری ملک بھر میں جاری ہے انتخابی فہرستوں میں نام کے اندراج منتقلی اور کوائف کی درستی کیلئے ووٹرز کے پاس 11 دن باقی رہ گئے ہیں الیکشن کمشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 24 اپریل 2018ء تک اپنے ووٹ کے اندراج و منتقلی اور درستی کوائف کیلئے فوری طور پر اپنے ضلع کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سے رابطہ کرلیں اس کے علاوہ لوگوں کی سہولت کیلئے 15 ہزار سے زائد ڈسپلے سنٹرز بھی کھولے گئے ہیں جہاں پر جا کر وہ ووٹ سے متعلق رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں اور ابتدائی انتخابی فہرست کا معائنہ بھی کر سکتے ہیں ۔
ووٹ کے اندراج / منتقلی کے لیے فارم 15،اخراج / اعتراض کے لیے فارم 16 اور درستگی کوائف کے لیے فارم 17 قریبی ڈسپلے سینٹر یا دفتر ضلعی الیکشن کمیشنر میں جمع کرائے جا سکتے ہیں . الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ فارم اسکی کی ویب سائیٹ www.ecp.gov.pkسے ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں یا قریبی ڈسپلے سینٹر /دفتر ضلعی الیکشن کمیشنر سے بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں.
اس بات کو ذہن نشین کیا جائے کہ ڈسپلے سینٹر پر فارم جمع کرواتے وقت اپنا اصل شناختی کارڈ ہمراہ ہو اور اپنے شناختی کارڈ کی کاپی فارم 15 اور فارم 17 کے ساتھ ضرور منسلک کی جائے. الیکشن کمشن نے عوام کی سہولت کے لئے موبائل فون پر 8300 سروس بھی فراہم کر دی ہے جس کے ذریعے ہر پاکستانی اپنا شناختی کارڈ نمبر مذکورہ بالا نمبر پر بھیج کر اپنے ووٹ سے متعلق معلومات حاصل کر سکتا ہے۔