جرمنی میں تین شامی نوجوان دہشت گردی کے شبے میں گرفتار

 
0
384

برلن اپریل 14(ٹی این ایس)جرمنی کے ریاستی دفتر استغاثہ کے مطابق پولیس نے تین شامی مہاجرین کو حراست میں لے لیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان کو وفاقی جرمن ریاست زارلینڈ کے فرانسیسی سرحد کے قریب واقع شہر زار لْوئی سے گرفتار کیا گیا۔ ان کی عمریں اکیس، تئیس اور ستائیس برس بتائی گئی ہیں۔حکام کے مطابق ان شامی شہریوں کو ایک دہشت گرد تنظیم کی رکنیت کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ گرفتاریاں ایسی چھان بین کے بعد عمل میں آئیں، جو گزشتہ برس اکتوبر میں شروع کی گئی تھی۔ گرفتار شدگان میں سے تئیس سالہ مبینہ ملزم شامی خانہ جنگی کے لیے عسکریت پسندوں کی بھرتی کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے تھا۔ باقی دونوں مشتبہ ملزم شام میں داعش کے رکن بتائے گئے ہیں۔