مقبوضہ کشمیر : کشمیر ی نوجوانوں کے حالیہ قتل عام کیخلاف مظاہرے

 
0
488

سرینگر اپریل 14(ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے شوپیاں ، کولگام اور اسلام آباد کے اضلاع میں نوجوانوں کے حالیہ قتل عام کے خلاف زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے آزادی اور پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے ۔ حریت رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب میں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے قتل اور جبر واستبداد کی دیگر کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر مظالم کا سلسلہ فوری طور پر بند نہ کیا گیا تو اسکے خلاف سخت ردعمل سامنے آئے گا جسکی تمام تر ذمہ داری بھارت اور مقبوضہ علاقے میں اسکی کٹھ پتلیوں پر عائد ہو گی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق احجاجی مظاہروں کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی۔ مقررین نے کشمیر کی موجودہ صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے کے اطراف واکناف میں دہشت گردی کا بازار گرم کررکھا ہے اور وہ ایک منصوبہ بند طریقے سے نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کسی بھی جگہ معصوم عوام کے خلاف پیلٹ اور دیگر مہلک ہتھیار استعمال نہیں کئے جاتے ہیں لیکن کشمیر میں ان کا بے دریغ استعمال ہو رہا ہے۔ حریت رہنماؤں نے بھارت کی طرف سے محکوم کشمیریوں کیخلاف مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے بارے اقوام متحدہ نے کئی قراردادیں پاس کر رکھی ہیں لیکن اسکے باوجود اس تنازعہ کے حل کیلئے اقدامات نہیں کیے جارہے جس کی وجہ سے یہاں کشیدگی اور خون خرابہ بدستور جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ71برسوں کے دوران بھارت نے لاکھو ں کشمیری قتل اور ہزاروں لاپتہ کیے جبکہ اس وقت ہزاروں کشمیری جھوٹے مقدمات میں جیلوں اور تفتیشی مراکز میں قید ہیں ۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ بھارت کے تمام تر جبر و استبداد کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل ایشیا واچ اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ نہتے کشمیریوں پر مظالم روکنے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔