کم سن آصفہ کے مجرموں کو کڑی سے کڑی سزادی جائے۔۔میر واعظ

 
0
10136

سرینگر اپریل 14(ٹی این ایس) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے جموں خطے کے ضلع کٹھوعہ میں کم عمر لڑکی آصفہ کی بے حرمتی اور قتل کو انسانیت پر حملہ قرار دیتے ہوئے مجرموں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ گجر بکروالوں کے ایک مختصر سے خاندان کو علاقے سے بے دخل کرنے کیلئے ایک ننھی بچی کو بہیمانہ طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔ میر واعظ نے کہا کہ جنہوں نے یہ گھناؤنا کام کیا وہ انسان کہلانے کے لائق نہیں لہذا ہر کسی کو بلاتفریق مذہب اور نظریے کے انکے لیے سنگین سے سنگین تر سزا کا مطالبہ کرنا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو فرقہ پرست عناصر کی طرف سے مجرموں کو بچانیکی کوششیں اور انکے حق میں ریلیاں انتہائی شرمنا ک ہیں۔دریں اثنا میر واعظ نے حریت قائدین کی نظربندی ،کولگام، شوپیاں، پلوامہ اور سرینگر میں پابندیوں اور قدغنوں کا نفاذ ، شب معراج کی مقدس موقعہ پر جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت نہ دینے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ان کارروائیوں کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ شب معراج کے مقدس موقعہ پر جامع مسجد کے ارد گرد فوجی پہرے اور لوگوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنا مسلمانوں کے مذہبی عقائد اور جذبات کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ اب کشمیری عوام کی سیاسی آزادی کے ساتھ ساتھ مذہبی آزادی کو بھی طاقت کے بل پر سلب کیا جارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کا قتل عام ، گرفتاریاں اوران پر ظلم وتشدد روز کا معمول بن گیا ہے ۔میرواعظ نے کہا کہ بدترین ریاستی دہشت گردی اورفوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی جائز آواز کو دبانے کی مذموم پالیسی کیخلاف اب ہرگز خاموش نہیں رہا جاسکتا۔