29 ویں عرب لیگ سربراہ کانفرنس شروع، شاہ سلمان نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے عرب لیگ سربراہ اجلاس کا نام تبدیل کرکے’ ’بیت المقدس سمٹ“ رکھ دیا

 
0
545

امریکا کی جانب سے سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کی شدید مذمت، فلسطین کے لیے 200 ملین ڈالر امداد کا اعلان بھی کیا

ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے عرب لیگ سربراہ اجلاس کا نام تبدیل کرکے’ ’بیت المقدس سمٹ“ رکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی بادشاہ نے ظہران میں جاری عرب لیگ کے سربراہ اجلاس میں مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے اور امریکی سفارت خانے کی القدس منتقلی کی شدید مذمت کرتے مشرقی بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔شاہ سلمان نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر سمٹ کا نام تبدیل کرکے ”بیت المقدس سمٹ“ رکھنے کے ساتھ ساتھ فلسطین کے لیے 200 ملین ڈالر امداد کا اعلان بھی کیا۔ سعودی عرب کے فرمانروا نے کہا کہ عرب امور میں ایران کی مداخلت قابل مذمت ہے۔

خیال رہے کہ 29 ویں عرب سمٹ لیگ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے جس میں شرکت کے لیے متعدد عرب ممالک کے سربراہان سعودی عرب کے شہر ظہران پہنچ چکے ہیں ان میں مصر کے صدر عبدالفتح السیسی، عراقی صدر فواد المعصوم، لبنانی صدر مشعل عون، سوڈانی صدر عمر حسن، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم اور دیگر شامل ہیں۔