فیصل رضاعابدی کیخلاف توہین عدالت کیس، نجی چینل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

 
0
555

اسلا م آباد اپریل 18(ٹی این ایس) سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدالت از خود نوٹس کیس کی سماعت میں سپریم کورٹ نے چینل 5 کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس حکام کو آئندہ سماعت پر فیصل رضا عابدی کی عدالت میں حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدالت از خود نوٹس کیس کی سماعت کی، فیصل رضا عابدی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے متعلقہ پولیس حکام کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر فیصل رضا عابدی کی عدالت میں حاضری یقینی بنائی جائے۔چینل انتظامیہ نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے پروگرام کے اینکراور پروڈویوسر کو نکال دیا ہے، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا نام ہے پروگرام ہے؟ جس پر چینل انتظامیہ نے بتایا کہ پروگرام کا نام نیوز ایٹ 8 ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ چینل 5 کو شرم آنی چاہیے، ایسے چینل کو بند ہوجانا چاہیئے۔جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ ضیا شاہد صاحب ہمیں آکر اخلاقیات سے متعلق بتاتے رہے، خود ان کے چینل کا یہ حال ہے، ان کے پروگرام میں عدلیہ کو گالیاں دی گئیں، اس پروگرام میں جو گفتگو ہوئی وہ توہین عدالت ہے۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کدھر ہے فیصل رضا عابدی جس نے گالیاں دیں، کیا آپ نے پروگرام ائیر کرنے سے پہلے دیکھا نہیں تھا؟ آپ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر رہے ہیں اس کا جواب دیں۔چینل انتظامیہ نے عدالت کو بتایا کہ یہ فیصل رضا عابدی کے خیالات تھے ہمارے نہیں، ہم آن ائیر معافی بھی چلا رہے ہیں۔عدالت نے چینل 5 کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 روز میں جواب طلب کر لیا اور کیس کی سماعت 3 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔