ترک صدرکاساتویں بار ہنگامی حالت میں تین ماہ کی توسیع کا فیصلہ

 
0
285

انقرہ اپریل 18(ٹی این ایس)ترک ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن ملک میں جاری ہنگامی حالت میں مزید تین ماہ کی توسیع کی کوشش کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ترکی میں 201 کے موسم گرما میں حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے بعد ہنگامی حالت نافذ کی گئی تھی۔ترک میڈیا کے مطابق حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کو ملک میں ہنگامی حالت میں مزید توسیع کی درخواست پر رائے شماری کی درخواست بھیجی ہے۔ اس تجویز پر بدھ کے روز رائے شماری ہو گی۔ توقع ہے کہ پارلیمنٹ ساتویں بار ملک میں ہنگامی حالت میں تین ماہ کی توسیع کی اجازت دے دے گی۔ترکی کے آئین کے مطابق، ہنگامی صورتِ حال زیادہ سے زیادہ چھ ماہ تک جاری رہ سکتی ہے۔ تاہم چھ ماہ کے بعد اس میں بار بار توسیع ممکن ہے۔گذشتہ ماہ اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ترکی میں ہنگامی صورت حال کے نفاذ کے نتیجے میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہنگامی حالت کے نفاذ کو دو سال ہونے کو ہیں، اس دوران نئے قوانین کی منظوری، حقوق اور آزادیاں معطل کرنے کا اختیار صدر اور حکومت کے پاس ہوگا، جو پارلیمان کی اجازت کے بغیر ایسا اعلان کر سکتے ہیں۔سال 2016ء میں پہلی بار ہنگامی حالت نافذ کی گئی تھی،اب تک ترکی میں اندازاً 50000 افراد کو قید کیا گیا ہے، جب کہ ہزاروں کو ملازمتوں سے برطرف کر دیا گیا ہے۔