کراچی میں لوڈ شیڈنگ مسئلہ کو جلد از جلد حل کرنے کے خواہاں ہیں،اویس لغاری

 
0
2135

اسلام آباد، اپریل 20(ٹی این ایس):وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے کہا ہے کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ جلد از جلد حل کرنے کے خواہاں ہیں، کراچی اور سکھر کے عوام بجلی چوری کی وجہ سے عذاب میں مبتلا ہیں، وزیراعلیٰ سندھ پہلے وہاں بجلی چوری روکنے کیلئے کردار ادا کریں پھر وزیراعظم ہاؤس یا کسی اور جگہ دھرنے کا سوچیں، الیکشن سے پہلے ڈراموں کی سمجھ نہیں آتی ۔ وفاقی وزیر نے یہ بات جمعہ کو کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی اور بجلی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی کو بغیر معاہدہ کے گیس نہیں دی جاتی، کے الیکٹرک ایک پرائیویٹ ادارہ ہے، معاہدے کے بغیر کے الیکٹرک کو گیس کیسے دی جائے، ہم بھی چاہتے ہیں معاملہ کو جلد از جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کوئی بھی مسئلہ ایک ہنگامی میٹنگ میں حل نہیں ہوا، ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے عوام کو تکلیف نہ ہو، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی مسئلے کا حل جلد از جلد نکالنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ معاملات بہتری کی جانب جا رہے ہیں، بدقسمتی سے کے الیکٹرک کے کچھ معاملات تھے جو نہیں ہونے چاہئیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلیک میل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور سکھر کے غریب عوام بجلی چوری کی وجہ سے عذاب میں مبتلا ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو چاہئے کہ وہ پہلے اس بجلی چوری کی روک تھام کیلئے پولیس کو متحرک کریں پھر وزیراعظم ہاؤس یا کہیں اور دھرنے کا سوچیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے ڈراموں کی سمجھ نہیں آتی۔