سوڈان میں نیپالی امن فوجیوں پر بچیوں سے جنسی زیادتی کا الزام

 
0
291

نیویارک/کھٹمنڈو اپریل 25(ٹی این ایس)نیپال کے امن فوجیوں پر جنوبی سوڈان میں اپنی تعیناتی کے دوران کم سن بچیوں سے جنسی زیادتی کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے اس کیس کو انتہائی سنگین قرار دے دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی طرف سے نیپال حکومت سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی ایک تفتیشی ٹیم بھیجے جو اقوام متحدہ کی اندرونی نگرانی کے ذمہ دار ادارے کے ساتھ مل کر اس کیس کے حوالے سے مزید تحقیقات کو یقینی بنائے۔ اقوام متحدہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ جنسی زیادتی کا ہر عمل سنگین ہے اور خاص طور پر جب کسی بچے کی بات کی جائے تو یہ مزید سنگین ہو جاتا ہے۔دریں اثناء نیپالی حکومت نے اس حوالے سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اپنی تفتیشی ٹیم جنوبی سوڈان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے اہلکاروں کے مطابق انہیں اس حوالے سے تیرہ اپریل کو شکایات موصول ہوئی تھیں، جن کے مطابق جنوبی سوڈان میں تعینات اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل نیپالی فوجیوں نے مبینہ طور پر نابالغ لڑکیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس عمل میں کتنے نیپالی فوجی شریک تھے۔ اقوام متحدہ نے جنوبی سوڈان میں چودہ ہزار آٹھ سو فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر رکھے ہیں۔ ان کی وہاں تعیناتی کا مقصد ان عام شہریوں کی حفاظت ہے، جو صدر سیلوا کیر کی فورسز اور ان کے مخالف باغیوں کی لڑائی سے متاثر ہو رہے ہیں۔