سپریم کورٹ نے جعلی ادویات کیس کی سماعت ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو ملک بھرسے جعلی ادویات کے خاتمے اور قانون و انصاف کمیشن کو ڈرگ کورٹس کے ججز کا اجلاس بلانے کی ہدا یت

 
0
403

اسلام آباد،اپریل 25(ٹی این ایس) : سپریم کورٹ نے جعلی ادویات کیس کی سماعت کر تے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو ملک بھرسے جعلی ادویات کے خاتمے اور قانون و انصاف کمیشن کو ڈرگ کورٹس کے ججز کا اجلاس بلانے کی ہدا یت کی ہے ۔ عدالت نے ڈریپ کو بھی ہدا یت کی ہے کہ پندرہ روز جعلی ادویات کے خلاف کاروائیوں کی رپورٹ پیش کی جائے اور مارکیٹ سے تمام جعلی ادویات کو فوری اٹھایا جائے،جبکہ عدالت نے مزید کہا ہے کہ نیب اور ایف آئی اے ڈریپ افسران کوہراساں  اورڈریپ کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے جعلی ادویات سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی تو چیف جسٹس کے استفسارپرڈریپ حکام نے کہا کہ عدالتی احکامات کے بعد ڈریپ نے کوششیں کی۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ مارکیٹ سے تمام جعلی غیر معیاری ادویات کوفوری اٹھایاجائے،ڈریپ عدالتی احکامات کے مطابق کام جاری رکھے ، ڈریپ بتادے کتنے عرصے میں جعلی ادویات کاملک بھر میں خاتمہ کردے گا ؟ ڈریپ آفیسرنے  استدعا کی کہ عدالت ڈرگ عدالتوں کو مقدمات جلد نمٹانے کاحکم دے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ نیب اور ایف آئی اے ڈریپ افسران کوہراساں نہ کریں اورڈریپ کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔ چیف جسٹس نے ڈپٹی چیئرمین نیب سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب جس طرح کررہی ہے اسکی اجازت نہیں دیں گے،نیب اپنی جگہ واپس آجائے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ فوجداری مقدمہ میں چالان داخل کردیا ہے، فیکٹری کا مالک جعلی ادویات کا ذمہ دار قرار پایا ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی حکام نے بتایا کہ نیشنل ٹاسک فورس نے ایک ماہ میں پورے ملک میں 1 ہزار217 انسپکشن کی گئی،1 ہزار862ڈرگ ریگولیٹری ایکشن لیے گئے اور 195ادویات فیکٹریوں کو بندکیا گیا۔عدالت نے ایف آئی اے رپورٹ کی روشنی میں پولیس آفیسر رفعت سلیم کے خلاف کاروائی ختم کردی اور ڈریپ کو جعلی ادویات کے خاتمے کاحکم دے دیا ہے۔ عدالت نے لا اینڈ جسٹس کمیشن کو ڈرگ کورٹس کے ججز کی میٹنگ بلانے کاحکم بھی دیا ہے اور ہدا یت کی ہے ڈریپ جعلی ادویات کے خلاف ایکشن رپورٹ 15دنوں میں جمع کروائے ۔عدالت نے مزید سماعت ملتوی کر دی۔