جعلی فیس بک آئی ڈی کے ذریعے مختلف کاروباری شخصیات سے لاکھوں روپے کی رقم بٹورنے والے گروہ کااہم رکن گرفتار

 
0
1229

اسلام آباد اپریل 26(ٹی این ایس):وفاقی تحقیقاتی ادارہ(ایف آئی اے )کے سائبرکرائم ونگ نے مبینہ قتل کیس کے مرکزی ملزم راجہ ارشد کی مبینہ طورپر فیک فیس بک آئی ڈی کے ذریعے مختلف کاروباری شخصیات سے لاکھوں روپے کی رقم بٹورنے والے گروہ کے ایک اہم رکن کو گرفتارکرلیاہے۔اس گروہ میں خوبرولڑکیوں کوبھی استعمال کئے جانے کا انکشاف ہواہے۔

 

ذمہ دار ذرائع کاکہناہے قتل کے کیس میں اڈیالہ جیل میں پابند سلاسل ملزم راجہ ارشد کی فیک فیس بک آئی ڈی کے ذریعے ان کے قریبی دوست احباب سے لاکھوں روپے بٹورنے کی مسلسل وارداتوں کے بعد اس گروہ کے خلاف چند ماہ قبل راجہ ارشد نے اڈیالہ جیل سے ایف آئی اے سائبرکرائم کو تحریری درخواست بھجوائی تھی۔

ذرائع کاکہناہے کہ لالہ زار راولپنڈی کے رہائشی سلیمان قریشی عرف مانی قریشی نامی شخص اپنی اہلیہ افشاں اوردیگرکے ساتھ مل کر راجہ ارشدکی فیک آئی ڈی استعمال کررہاتھا۔یہ گروہ انگلینڈ اورپاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم راجہ ارشد کے قریبی کاروباری شخصیات سے راجہ ارشد بن کر مختلف بہانوں سے لاکھوں روپے بٹورتارہا۔

اس گروہ کا سرغنہ مانی قریشی نے پلندری سے تعلق رکھنے والے محمدسلیم خان نامی 65سالہ شخص کو بھی اپنے ساتھ ملارکھاتھاجس کے چکلالہ سکیم تھری میں واقع حبیب بنک کے اکاؤنٹ میں پیسے منگوائے جاتے تھے ۔گزشتہ روز اس گروہ نے انگلینڈ میں مقیم ایک شہری سے رقم کا مطالبہ کیاجس نے اسلام آباد میں مقیم طارق نامی نوجوان کو صورتحال سے آگاہ کیاجس نے ایف آئی اے کی مدد سے گروہ کے ساتھی محمدسلیم خان کودھوکے سے صدر راولپنڈی بلایاجس کے بعد ایف آئی اے نے اسے دھرلیا۔دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیاکہ وہ مانی قریشی کے کہنے پرایساکررہاتھاجس پر ایف آئی اے نے اسی کے ذریعے مانی قریشی اورتیسرے ساتھی کو عمار چوک راولپنڈی بلایاجس کے بعدان دونوں کو بھی گرفتارکرلیاگیا۔