الیکشن سے قبل صوبہ سندھ کے نئے وارث پیدا ہوجاتے ہیں: مراد علیٰ شاہ

 
0
276

کراچی اپریل 30(ٹی این ایس) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ نے کہا ہے کہ الیکشن سے قبل صوبہ سندھ کے نئے وارث پیدا ہوجاتے ہیں، اور ہر انتخابات سے پہلے ایسے لوگ کراچی آتے ہیں، پانچ سال تک انہیں خیال نہیں آیا اب کراچی کا چکر لگا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پیپلز پارٹی کے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مراد علیٰ شاہ کا کہنا تھا کہ مخالفین کو تنقید کرنے کے بجائے کام پر توجہ دینی چاہیے، کچھ لوگوں کا کام کرکٹ کھیلنا ہے وہ سیاست کر رہے ہیں، لوگوں کی سیاست صرف بھٹو کا فلسفہ کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کراچی میں پیدا ہوئے، یہ شہر بلاول بھٹو کا ہے، پاکستان کی قرارداد بھی سب سے پہلے سندھ اسمبلی میں پیش ہوئی، یہ صوبہ پاکستان بنانے والا صوبہ ہے، سندھ میں یہ خاصیت ہے جو بھی آتا ہے اسے یہ اپنی آغوش میں لے لیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم خود سندھ میں آکر سندھی بن کر یہاں کی خدمت کرنے لگے، سندھ کے شہروں نے دیگر صوبوں کے لوگوں کو بھی خوش آمدید کہا، تعصب کے ذریعے لوگوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی گئی، ماضی میں کراچی کی صورت حال سنگین تھی جسے پیپلز پارٹی نے ختم کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نام نہاد بجٹ میں کہا گیا 25 ارب روپے کراچی کے لیے رکھے گئے لیکن المیہ یہ ہے کہ کراچی کو صرف 5 ارب روپے دیے گئے ہیں، 5 ارب تو ہم 2 مہینے میں خرچ کرتے ہیں، نواز شریف پچھلے 5 سالوں میں ایک رات بھی کراچی میں نہیں ٹھہرے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ قائم علی شاہ صاحب کے دور میں کراچی میں امن لانے کا فیصلہ کیا، کراچی آپریشن میں ایک بھی بے گناہ شخص کا خون بہائے بغیر امن لائے، 1980 سے کراچی میں ہزاروں لوگوں کا خون ہوا، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں میرے چچا کو شہید کیا گیا۔