مظفر آباد میں سنوکر کلبوں اور نیٹ کلبوں کی چیکنگ شروع،کئی مشکوک گرفتار، سکول ،کالج اور یونیورسٹی ٹائم میں کسی سٹوڈنٹ کو کلب میں جانے پر پابندی عائد

 
0
376

مظفرآباد، مئی  04 (ٹی این ایس): تھانہ پولیس صدر کا شہر کے مختلف علاقوں میں قائم سنوکر کلبوں اور نیٹ کلبوں کی چیکنگ شروع۔

مسعود الرحمن ڈپٹی کمشنر اور اکمل خان ایس ایس پی کی ہدایت پر کلبوں کی چیکنگ کا آغاز کر دیا گیا۔

راشد حبیب SHO تھانہ صدر کے مطابق DC اور SSP کی ہدایت پر سنوکر اور نیٹ کلبوں کی چیکنگ کے لئے تھانہ کی سطح پر میر مزمل حسین ایڈیشنل SHO اور دیگر ملازمین پر مشتمل پولیس ٹیموں نے  چہلہ بانڈی میں قائم فرینڈز سنوکر کلب ، رائل انٹرنیشنل سنوکر کلب ، گوجرہ میں ڈالفن سنوکر کلب اور نلوچھی میں واقع سنوکر کلبوں کی چیکنگ کرتے ہوئے مشکوک افراد کے پاس اسلحہ، خنجر ، آہنی مکوں اور منشیات کی پڑتال کی گئی۔  اس دوران کئی مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا۔

SHO نے کہا کہ سنوکر اور نیٹ کلبوں کے مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جاری کردہ ٹائم کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

سکول ،کالج اور یونیورسٹی ٹائم میں کسی سٹوڈنٹ کو کلب میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

SHO راشد حبیب نے مزید کہا ہے کہ سنوکر اور نیٹ کلبوں کو کسی صورت میں بدمعاشی، منشیات اور جرائم کے اڈے نہیں بننے دیں گے۔ شہری اور سول سوسائٹی معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے اور پرامن بنانے میں اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کرکے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔