بھارت دفاعی و عسکری اخراجات کرنے والے پانچ بڑے ملکوں کی فہرست میں شامل ہو گیا

 
0
1802

سٹالک ہولم  04مئی (ٹی این ایس) بھارت گزشتہ سال سب سے زیادہ دفاعی و عسکری اخراجات کرنے والے پانچ بڑے ملکوں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سٹالک ہولم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ بھارت نے گزشتہ برس دفاع اور فوج پر 63ارب90کروڑ ڈالر خرچ کئے جس سے 2016کے مقابلے میں 5.5فیصد کا اضافہ ظاہر ہوتا ہے ۔ چین 5.6فیصد اضافے کے ساتھ سرفہرست اورایشیاء میں سب سے زیادہ دفاعی اخراجات کرنے والا ملک ہے ۔ چین دفاع پر 228ارب ڈالر خرچ کرتا ہے ۔

سٹالک ہولم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے AMEXپروگرام کے سینئر محقق سیمن ویزیمن کے مطابق بھارت کی چین کے ساتھ سرحدی کشیدگی دفاعی اخرجات میں اضافہ کا باعث ہوسکتی ہے ۔ امریکہ 610ارب ڈالر کے دفاعی اخراجات کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ سعودی عرب گزشتہ سال 69.4ارب ڈالر کے دفاعی اخراجات کے ساتھ تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے جس نے اپنے دفاعی اخراجات میں 9.2فیصد کا اضافہ کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق روس نے اپنے دفاعی اخراجات میں تیزی سے 20فیصد کی کمی کی ہے ۔