وزیر اعلی سندھ نے پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان میں تصادم کا نوٹس لے لیا، تحقیقات کا حکم

 
0
302

کراچی مئی 8(ٹی این ایس)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے گلشن اقبال حکیم سعید گراؤنڈ میں پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان میں تصادم کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کو شفاف تحقیقات کا حکم دے دیاہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ کسی بھی جماعت کو جلسہ کرنے سے روکنا نہیں چاہتے، شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے، قانونی تقاضوں کے مطابق جلسہ کرنے کی اجازت سب کو ہے، پیپلز پارٹی نے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت لی تھی۔انہوں نے کہا کہ حکیم سعید گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کی جانب سے قبضے کی کوشش کی گئی، کراچی میں شعوری طور پر امن خراب کرنے کی کوشش کی گئی، پیپلز پارٹی نے طریقہ کار کے مطابق جلسہ کے لیے اجازت مانگی، پی پی کے پاس جلسے کا اجازت نامہ موجود ہے۔وزیر اعلی سندھ نے کہاکہ پی ٹی آئی قیادت نے کہا گراؤنڈ پر ہمارا قبضہ ہے، تحریک انصاف نے باقاعدہ جلسے کی درخواست نہیں دی تھی، انا کا مسئلہ پی ٹی آئی نے بنایا اور گراؤنڈ پر قبضہ کیا، یہ جماعت قانونی طور پر جس جگہ پر جلسہ کرنا چاہتی ہے کرے انہیں کسی نے نہیں روکا۔انہوں نے کہاکہ گاڑیاں شہر کا ماحول خراب کرنے والوں نے جلائیں، واقعے کی شفاف تحقیقات کی ہدایت کی ہے، پی ٹی آئی مذمت کرتی ہے تو پھر حکومت بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی، پولیس والوں کو بھی بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش میں پتھر لگے، پولیس علاقے میں موجود نہیں تھی یہ کہنا درست نہیں ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ واقعے میں کسی کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم انتظامی سطح پر صورت حال کا جائزہ لینے کی کوشش کررہے ہیں، حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ وہ جماعت کرے گی جس کے پاس قانونی اجازت ہوگی، میں بھی پی ٹی آئی قیادت سے بات کرنے کو تیار ہوں۔