اسلام آباد مئی 8 (ٹی این ایس)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب تاریخ ، مذہب اور ثقافت کے انتہائی گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں جن کی مثال نہیں ملتی۔ مستقبل میں ان تعلقات میں مزید گہرائی اور گرمجوشی پیدا ہوگی۔
صدر مملکت نے یہ بات سعودی عرب کے نائب وزیر تعلیم حماد نصیر اے المہریج سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں اپنے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعدالمالکی، وزارت اسلامک افیئرز، داعوۃ و گائیڈننس کے ممبر عبدالعزیز عبداللہ الفلاح، وزارت خزانہ کے ممبر محمد سعد القہبانی، وزارت داخلہ کے ممبر ابراہیم صالح آئی الحدودیتی،انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے ممبر محمد احمد اے المغدونی ،سیکرٹری برائے نائب وزیر تعلیم فہد ابراہیم اے السقیہی ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر معصوم یسین زئی اور صدر پروفیسر ڈاکٹر یوسف اے الدرویش بھی موجود تھے ۔
صدر مملکت نے کہا کہ اعلی وفود کے دوروں سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید مدد ملے گی اور خاص طور پر تعلیم کے شعبے میں تعاون میں مزید اضافہ ہ ہو گا ۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا توازن اپنی گنجائش سے بہت کم ہے جس میں اضافے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ توازن بہتر ہو گا اور دونوں ملکوں کے مفاد میں ہو گا ۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ سعودی سرمایہ کار اور تاجر پاکستان میں صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی کارکردگی شاندار ہے ۔ اس سلسلے میں سعودی عرب کا تعاون قابل قدر ہے ۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو تعلیم کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لیے سعودی عرب کے کسی شہر میں اس جامعہ کا کیمپس قائم ہونا چاہیے۔ اس موقع پر سعودی عرب کے نائب وزیر تعلیم حماد نصیر اے المہریج نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا ۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستانی طالب علموں کے لیے وظائف کی تعداد بڑھا کر 580 کر دی ہے ۔