آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ، LTE-4G ہینڈ سیٹ کے ذریعے ویڈیو سرویلنس،ڈالفن اور PRUفورس کی موومنٹ کا جائزہ لیا

 
0
408

لاہور، مئی 10(ٹی این ایس):  انسپکٹر جنرل پولیس سندھ اے ڈی خواجہ نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈ کوارٹرکا دورہ کیا۔ مینیجنگ ڈائریکٹرپنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ایڈیشنل آئی جی علی عامر ملک نے آئی جی سندھ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہورکیپٹن(ر)امین وینس ، ڈی آئی جی ٹی این ٹی سندھ جاوید اکبر، سی ٹی او رائے اعجاز ، آپریشن کمانڈرز پی پی آئی تھری سینٹر ایس پی محمد نوید اور ایس پی راشد ہدایت بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایم ڈی علی عامر ملک نے آئی جی سندھ کوپنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا اور اتھارٹی کی کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں گہری دلچسپی لی اورادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا۔ انہوں نے جدید LTE-4G ہینڈ سیٹ کے ذریعے شہرکے مختلف علاقوں میں ویڈیو سرویلنس کا جائزہ لیا۔ آئی جی سندھ نے ڈالفن اور PRUفورس کی موومنٹ کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کی ورکنگ دیکھی اور الیکٹرانک چالان سسٹم کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سندھ ای ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے دہشت گردی کے خاتمے اور جرائم کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ دورے کے اختتام پرایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ایڈیشنل آئی جی علی عامر ملک نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کوا تھارٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔