کمپوٹرکی غلطی نے بھارتی شہری کی جان لے لی، بجلی بل زیادہ آنے پر خود کشی

 
0
350

بھارتی شہری نے خودکشی سے قبل ایک خط بھی چھوڑا،غلطی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی شروع کردی،حکام
ممبئی12مئی(ٹی این ایس) بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہری نے بجلی کا آٹھ لاکھ روپے سے زائد کا بل آنے پر خود کشی کرلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے علاقے اورنگ آباد میں جگن ناتھ نیہا جی شیلکے نامی شخص نے پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔ شہری کی لاش کے قریب ایک خط ملا جس میں خود کشی کی وجہ بجلی کا زائد بل اور بجلی کی تقسیم کار کمپنی کا ہتک آمیز رویہ بتائی گئی ہے۔ شہری کو مارچ 2018 کا بل 8 لاکھ 64 ہزار روپے کا موصول ہوا تھا۔بھارتی شہری کے خاندان نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ جگن ناتھ سبزی فروش ہے جس کی آمدنی نہایت قلیل ہے ،دوسری جانب بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے حکام کا کہناتھا کہ جگن ناتھ کا بل عددی غلطی کے باعث زیادہ آیا تھا جسے درست کر لیا گیا۔ شہری کا اصل بل 2800 روپے ہے۔ اس لیے شہری کی خودکشی کو کمپنی کے رویے اور زائد بل سے جوڑنا بالکل مناسب عمل نہیں ہے۔ کمپنی نے بل میں غلطی کے ذمہ داروں کا تعین کر کے تادیبی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔