چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا سینٹرل جیل کراچی کا تفصیلی دورہ

 
0
285

کراچی مئی 12(ٹی این ایس): چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سینٹرل جیل کا تفصیلی دورہ کیا اور جن قیدیوں کی سزائیں مکمل ہوگئی ہے ان کی تفصیلات طلب کرلیں۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس میاں ثاقب نثار اچانک دورے پر سینٹرل جیل پہنچ گئے، چیف جسٹس کچن, اسپتال, قیدیوں کی مختلف بیرکوں میں گئے۔چیف جسٹس نے قیدیوں سے ملاقات میں جیل کے حالات دریافت کیے تو قیدیوں نے چیف جسٹس کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے۔قیدیوں نے شکایت کی کہ سزائیں پوری ہونے کے باوجود قید کر رکھا ہے، جس پر چیف جسٹس نے یقین دہانی کرائی، جس کی سزا مکمل ہو چکی ہے اسے رہائی مل جائے گی۔چیف جسٹس نے جیل حکام کو حکم دیا کہ ایسے قیدی جن کی سزا مکمل ہوچکی ان کی رپورٹ دیں۔جسٹس ثاقب نے قیدیوں کو فراہم کیے جانے والے کھانے کا معائنہ کیا، چیف جسٹس اور جسٹس فیصل عرب نے کھانا خود کھا کر چیک کیا۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سینٹرل جیل کے انتظامات دیگر صوبوں سے بہتر ہیں۔خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار 14 مئی کو روس اور چین کے13 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے، جسٹس ثاقب نثار کی غیر موجودگی میں جسٹس آصف سعید کھوسہ قائم مقام چیف جسٹس ہوں گے۔