پیپلز پارٹی کا سانحہ 12 مئی کی یاد میں کراچی میں جلسہ، کتنے آدمی تھے؟

 
0
701

کراچی ،مئی12(ٹی این ایس): پیپلز پارٹی کا کراچی جلسہ خاطر خواہ کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے بدھ کے روز سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پیپلز پارٹی نے سانحہ 12 مئی کی یاد میں خصوصی طور پر اس جلسے کا انعقاد کیا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے جلسہ مزار قائد کیساتھ واقع باغ جناح گراونڈ میں کیا گیا۔

جلسے کیلئے گراونڈ کا آدھا حصہ مختص کیا گیا تھا۔ جلسے کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا دعوی ہے کہ یہ جلسہ کراچی میں منعقد کیے جانے والے تاریخی جلسوں میں سے ایک تھا۔ جلسے میں عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلسے سے پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے خصوصی خطاب کیا۔ جبکہ جلسے کے دوران پیپلز پارٹی کی دیگر قیادت اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی بلاول کے ہمراہ اسٹیج پر موجود رہے۔

پارٹی کا دعوی ہے کہ چئیرمین بلاول  بھٹو کو سننے کیلئے عوام کے سمندر نے جناح گراونڈ میں پیپلز پارٹی کی جلسہ گاہ کا رخ کیا۔ جلسہ گاہ جلسے کے اختتام تک عوام سے مکمل طور پر بھرا رہا۔ تاہم دوسری جانب میڈیا چینلز کی جانب سے جلسے کے حوالے سے مختلف دعوے کیے گئے ہیں۔ میڈیا چینلز کے مطابق پیپلز پارٹی کا کراچی میں منعقدہ جلسہ تاریخی تو نہیں تھا تاہم  جلسے میں عوام کی خاطر خواہ تعداد نے ضرور شرکت کی۔

جبکہ جلسے کیلئے جناح گراونڈ کا آدھا حصہ مختص کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ بلاول بھٹو کے اسٹیج اور پنڈال کے درمیان میں اچھا خاصا فاصلہ رکھا گیا۔ جلسے میں کراچی کے علاوہ سندھ بھر سے پیپلز پارٹی کے جیالوں نے شرکت کی۔ سندھ بھر سے پیپلز پارٹی کے قافلے جلسے میں شرکت کیلئے ہفتے کی صبح ہی کراچی پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ جبکہ آزاد ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ  پیپلز پارٹی کے جلسے میں 8 سے 10 ہزار افراد نے شرکت کی۔