پولیس اور علماء کی طرف سے ہوائی فائرنگ کے خلاف شعور اجاگر کرنے اور ہوائی فائرنگ سے منع کرنے کی خاطر جمعہ کے اجتماعات میں خصوصی درس و تعلیم کااہتمام

 
0
564

پشاور، جون 09 (ٹی این ایس):  ضلع بھر کی مساجد میں پولیس اور علماء کی طرف سے ہوائی فائرنگ کے خلاف شعور اجاگر کرنے اور ہوائی فائرنگ سے منع کرنے کی خاطر جمعہ کے اجتماعات میں خصوصی درس و تعلیم کا اہتمام۔ اجتماعات کے دوران جید علماء کرام و مشائخ عظام نے ہوائی فائرنگ کو گناہ بے لذت قرار دیتے ہوئے اس سے باز رہنے کی تلقین کی۔

تفصیلات کے مطابق کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر قاضی جمیل الرحمن کی ہدایت پر تمام ڈویژنل ایس پیز، ڈی ایس پیز و دیگر پولیس افسران نے ضلع بھر کے مختلف مساجد و مدارس کا دورہ کرکے جمعہ کے اجتماعات میں علماء کرام و آئما حضرات کے ذریعے ہوائی فائرنگ اور اس سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات سے متعلق نمازیوں کو آگاہ کیا۔ جس کے دوران ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق نے قدیم تاریخی مسجد مہابت علی خان میں مولانا طیب کے ساتھ ملکر ہوائی فائرنگ کے بارے میں نمازیوں کو آگاہ کیا۔ مولانا طیب نے حاضرین کو گناہ بے لذت سے منع کرتے ہوئے فر مایا کہ اپنی خوشی کی خاطر دوسرے معصوم لوگوں کی زندگی کو داو پر نہیں لگانا چاہئے۔ اسی طرح مسجد قاسم علی خان میں شہاب الدین پوپلزئی نے بھی دوران نماز جمعہ عوام کو ہوائی فائرنگ کی گناہ سے آگاہ کرتے ہوئے فر مایا کہ روز قیامت کسی بھی بے گناہ کے قتل جو کہ آپ کی نادانستہ طور پر ہوائی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا ہو میں سزا دی جائے گی۔ اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے نمکمنڈی مدرسہ کے قاری فیاض نے بھی سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے حاضرین مجلس کو اس قبیح عمل سے حتی الامکان بچنے کا درس دیا۔سنہری مسجد پشاور کینٹ، زرغون مسجد حیات آباد اور سپین جماعت یونیورسٹی روڈ کے علاوہ کینٹ ، رورل اور صدر سرکل کے تمام بڑے مساجد و مدارس کا دورہ کرکے ایس پی کینٹ وسیم ریاض، ایس پی رورل شفیع اللہ گنڈاپور اور ایس پی صدر سرکل شوکت خان  نے نماز جمعہ کے اجتماعات میں علماء کرام و مشائخ عظام سے مل کر ہوائی فائرنگ کی تدارک کے سلسلے میں جمعہ کی اجتماع میں شریک عوام سے پر زور اپیل کرتے ہوئے مکروہ عمل سے باز رہنے کی تلقین کی۔ جبکہ ڈی ایس پی فقیر آباد طاہر داوڑ سمیت دیگر ایس ڈی پی اوز نے بھی شاہ قبول، پہاڑی پورہ، خان رازق شہید، ٹاؤن، ہشتنگری، چمکنی، داودزئی، متنی, حیات آباد اور تھانہ انقلاب سمیت تمام تھانوں کی حدود میں واقع مختلف مساجد جا کر علماء کرام کے وساطت سے ہوائی فائرنگ کے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے فائرنگ سے باز رکھنے کی خاطر پند و نصیحت کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کے نقصانات سے روشناس کیا۔