ٹیکس وصولی کے لیے قائم تمام محصول چیک پوسٹس ختم ، ایجنسی ڈیویلپمنٹ فنڈ سے کیے جانے والے تمام اخراجات بندکرنے سمیت دیگر احکامات
پشاور، جون 08 (ٹی این ایس): فاٹا انضمام کے بعد چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ اعظم خان نے تمام قبائلی اضلاع کے دپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام قسم کی راہداری، امپورٹ،ایکسپورٹ ٹیکس اور لیویز کی حصولی بند اور ٹیکس وصولی کے لیے قائم شدہ تمام چیک پوسٹیں فوری طور پر ختم کی جائیں۔ ایک مراسلہ میں انھوں نے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص یا ایجنسی کسی قسم کا ٹیکس،لیوی یا فیس وصول کرنے کی مجاز نہیں ہوگی، ایجنسی ڈیویلپمنٹ فنڈ سے کیے جانے والے تمام اخراجات بھی بند کیے جائیں اور ایجنسی ڈیویلپمنٹ فنڈ اکائونٹ کی بینک سٹیٹمنٹ کاپی 48 گھنٹوں میں اے سی ایس فاٹا کو پہنچائی جائے۔ ہدایت نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ضروری اخراجات کے لیے اے سی ایس فاٹا کی منظوری لازم ہوگی اور ایجنسی ڈیویلپمنٹ فنڈ کے تحت رواں اور اگلے مالی سال کے فنڈز صوبے کے ریگولر فنڈ میں دینے کے لیے اے سی ایس فاٹا سیفران سے مشاورت کی جائے۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ نے 48 گھنٹوں میں احکامات پر عملدرآمد کی تفصیلی رپورٹ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا کو ارسال کی بھی ہدات کردی۔