بغداد11جون (ٹی این ایس) عراق میں گزشتہ ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد کئی جماعتوں کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے مطالبے کے نتیجے میں اسٹور میں رکھے گئے ووٹوں کے ذخیرے میں آگ لگ گئی۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مشرقی بغداد میں انتخابات کے دوران رکھے گئے بیلٹ باکسز اسٹور میں موجود تھے اور ان کی دوبارہ گنتی کی جانی تھی۔عراقی وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق آگ جائے وقوع پر واقع 4 اسٹورز میں سے ایک میں لگی۔حکام کا کہنا ہے کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ آیا یہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی یا نہیں لیکن اس کی ٹائمنگز ایسی ہیں کہ اس سے الیکشن کے نتائج پر فرق پڑے گا، جو پہلے ہی شش و پنج کا شکار ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والے الیکشن میں شیعہ مسلم صدر بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے تھے، جس کے بعد عراقی سیاسی جماعتوں نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا تھا۔پارلیمنٹ کے سبکدوش ہونے والے اسپیکر سلیم الجبوری کہتے ہیں کہ آتشزدگی سے یہ پتہ چلتا ہے کہ الیکشن دوبارہ ہونے چاہئیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بیلٹ باکسز کو آگ جان بوجھ کر لگائی گئی تاکہ ووٹوں میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور فراڈ کو چھپایا جاسکے اور عراقی عوام سے جھوٹ بولا جاسکے۔واضح رہے کہ سلیم الجبوری کو مئی میں ہونے والے انتخابات میں شکست ہوئی تھی اور وہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے پرزور حامی ہیں، ان کے اس مطالبے کی نائب وزیراعظم ایاد الاوی نے بھی حمایت کی ہے۔دوسری جانب عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے واقعے کو انتخابی عمل کے خلاف سازش قرار دے دیا۔واضح رہے کہ حیدر العبادی اور ان کے اتحاد نے پارلیمانی الیکشن میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔













