اصغر خان کیس: رحمان ملک، اور یونس حبیب کا ایف آئی اے کے سامنے پیشی سے انکار

 
0
502

اسلام آباد جون 11(ٹی این ایس)اصغر خان کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک، امتیاز شیخ اور یونس حبیب نے ایف آئی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے گزشتہ روز رحمان ملک، یونس حبیب، امتیاز شیخ، ایڈوکیٹ یوسف میمن، جام معشوق اور جام حیدر آفاق کو آج پیشی کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔ایڈووکیٹ یوسف میمن، جام معشوق اور جام حیدر آفاق احمد ایف آئی اے کے روبرو پیش ہو گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رحمان ملک نے ایف آئی اے حکام کو فون پر جواب دیا کہ میڈیا سے بچ رہا ہوں اس لیے اس کیس میں حاضر نہیں ہو سکتا۔دوسری جانب نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے مجھے طلب نہیں کیا تھا بلکہ رہنمائی کے لیے خط لکھا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ جس وقت اصغرخان کیس پیش آیا تو اس وقت میں ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے تھا، قانون کی روشنی میں ایف آئی اے کی رہنمائی کو تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کا خط تاخیر سے ملا، طبیعت ناساز ہے اس لیے نہ جا سکا۔یونس حبیب نے ایف آئی اے کو اپنے تحریری جواب میں کہا کہ طبیعت کی ناسازی کے باعث پیش نہیں ہو سکتا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما امتیاز شیخ نے بھی اصغر خان کیس میں ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔