پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 آج کھیلا جائے گا

 
0
274

ایڈنبرا12جون (ٹی این ایس) پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان 2 میچز کی سیریز کا پہلا ٹوئنٹی20 انٹرنیشنل آج ایڈنبرا میں کھیلا جائے گا۔پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے مابین 2ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ منگل کو ایڈنبرا میں ہوگا،ون ڈے کرکٹ میں عالمی نمبر ون انگلینڈ کیخلاف غیر متوقع فتح حاصل کرنے والی میزبان ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سرفہرست گرین شرٹس کیلیے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔اسکاٹش ٹیم کی بیٹنگ زبردست فارم میں نظر آرہی ہے، کیلم میکلوڈ نے انگلینڈ کیخلاف 94گیندوں پر 140رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ میٹ کروس، کپتان کائیل کوئٹزر، رچی بیرنگٹن اور جارج منسی کا بیٹ بھی خوب چل رہا ہے، مارک واٹ، الیسڈیئر ایوانز اور سفیان شریف ہوم کنڈیشنز میں مہمان بیٹنگ کیلیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔دوسری جانب پاکستان ٹیم کے چند کھلاڑی آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز کے بعد کنڈیشنز سے تو واقف ہیں تاہم خود کو مختصر فارمیٹ سے ہم آہنگ کرنا ایک چیلنج ہوگا،فخرزمان، انجرڈ بابر اعظم کا خلا پُرکرنے والے حارث سہیل اور کپتان سرفراز احمد پہلے سے ہی انگلینڈ میں موجود تھے۔پاکستان سے تازہ کمک بھی پہنچ چکی،احمد شہزاد، فخرزمان کے ساتھ اننگز کا آغاز کرسکتے ہیں،شعیب ملک کا تجربہ بھی ٹیم کے کام آئے گا،فہیم اشرف اورحسین طلعت آل رائونڈ کارکردگی دکھا سکتے ہیں جب کہ جارح مزاج آصف علی بھی سلیکشن کیلیے دستیاب ہونگے۔محمد عامر،حسن علی، راحت علی اور شاہین آفریدی میں سے پیس بیٹری کا انتخاب مشکل فیصلہ ہوگا،شاداب خان بیٹ اور اسپن بولنگ دونوں کی مددسے ٹیم کے کام آسکتے ہیں۔پاکستان کی پوری کوشش ہوگی کہ اس فارمیٹ میں اپنے تجربے سے اسکاٹ لینڈ کا اعتماد متزلزل کردے،ایڈنبرا میں پچ بیٹنگ کیلیے سازگار ہوگی، گذشتہ روز بارش کے سبب پاکستانی ٹیم کا پریکٹس سیشن جلد ختم ہو گیا۔میچ کے دوران بھی موسم کی مداخلت کا امکان موجود ہوگا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف تاریخی فتح پر میزبان ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اتوار کو اسکاٹ لینڈ کا دن تھا، کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بہترین کارکردگی پیش کی،ہمارے لیے یہ ایک سبق ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بھی حریف کو آسان نہیں سمجھنا چاہیے، ہمیں اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلنے کا تجربہ نہیں، کھلاڑی نئے ہیں اور ہوم گرائونڈ کا سب کو ایڈوانٹیج بھی حاصل ہوتا ہے، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ بھی ایسا ہے کہ میدان میں کوئی بھی ٹیم حیران کن کارکردگی پیش کرسکتی ہے۔حال ہی میں افغانستان نے بنگلہ دیش کو 3-0سے کلین سوئپ کیا، اس لیے کوئی بھی غلطی نہیں کی جاسکتی،ہمیں پوری توجہ کھیل پر مرکوز رکھنا ہوگی۔انھوں نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ کو بڑی ٹیموں کیخلاف ایکشن میں آنے کے مواقع ملتے رہے تو کھیل نکھرتا جائے گا،البتہ میں آئی سی سی کی جانب سے ورلڈکپ کو صرف 10ٹیموں تک محدود کرنے کے فیصلے پر رائے نہیں دے سکتا۔اسکاٹ لینڈ کے کوچ گرانٹ بریڈبرن نے کہا کہ ون ڈے میں عالمی نمبر انگلینڈ کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں ایک اور سرفہرست ٹیم کوزیر کرنے کا ہمیں جادوئی موقع مل رہا ہے،اس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرینگے۔