دوبارہ پارلیمانی انتخابات صرف وفاقی عدالت کی ذمہ داری ہے،عراقی وزیراعظم

 
0
316

بیلٹ بکس نذرآتش کرنے میں تین پولیس اہلکار اور الیکشن کمیشن کا ایک ملوث ملازم گرفتار،قانونی کارروائی شروع
بغداد12جون (ٹی این ایس)عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں دوبارہ پارلیمانی انتخابات صرف سپریم وفاقی عدالت کی ذمہ داری اور اس کے دائرہ اختیار میں ہے۔ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرنے کا مجاز ادارہ صرف عدالت ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایک غیرملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے العبادی کے ترجمان سعد الحدیثی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دوبارہ انتخابات کا فیصلہ سپریم وفاقی عدالت کے اختیار میں ہے اور اس کا انتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں۔خیال رہے کہ عراق کی پارلیمنٹ نے مئی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ کیا ہے جب کہ دارالحکومت بغداد میں اتوار کے روز بیلٹ بکس کے ایک گودام میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں نصف کے قریب بیلٹ بکس جل کر خاکستر ہوگئے ہیں۔عراقی الیکشن کمیشن کے ایک رکن سعد کاکائی کا کہنا تھا کہ بیلٹ بکس باقاعدہ منصوبے کے تحت جلائے گئے ہیں اور اقدام کا مقصد دھاندلی کی تحقیقات کے لیے ہونے والی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔ادھر عراق کے سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ بیلٹ بکس نذرآتش کرنے میں تین پولیس اہلکار اور الیکشن کمیشن کا ایک ملازم ملوث ہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی شروع کردی گئی ہے۔