لاہور: حلقہ این اے 127سے مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں کا سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

 
0
249

لاہور، جون 13 (ٹی این ایس):  حلقہ این اے 127سے مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اور جمشید اقبال چیمہ کی حمایت کا اعلان کردیا ۔مسلم لیگ (ن) کے متحرک رہنماﺅںمیاں طارق ،میاں جمشید عبدالغفار اور میاں محمد طارق سمیت دیگر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ این اے 127تحریک انصا ف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ سے ملاقات کر کے عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے غیر مشروط طور پر شمولیت کا اعلان کیا ۔ نئے شامل ہونے والوں کا کہناتھاکہ ترقی کی دعویدار مسلم لیگ (ن) نے صرف کرپشن اور لوٹ مار کو فروغ دیا ہے جس سے ملک کی جڑیں کھوکھلی ہو گئی ہیں انشااللہ آنے والے دنوں میں مزید لوگ عمران خان کے قافلے میں شامل ہونے کا اعلان کریں گے ۔

اس موقع پر جمشید اقبال چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان دورائے پر کھڑا ہے اس لئے عوام کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ۔حکمرانوںکی جانب سے اربوں ڈالر کے قرض سے ملکی سلامتی اور بقاءخطرے میں ہے اگر ہم نے پاکستان کو ان قرضوں سے چھٹکارا نہ دلایا تو ہماری آنے والی نسلیں بھی غلام ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ این اے 127میں بھرپور مقابلے کےلئے تیار ہیں اور ”پانامہ مارکہ گورننس “والے عوام کے احتساب کا سامنا نہیں کر سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ با شعور عوام اب کھوکھلے نعروں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے بلکہ سابق حکمرانوںسے گزشتہ ایک دہائی کاحساب لیں گے۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ آنے والے وقت عوام کا ہے اور عام انتخابات کے نتائج ایک نئی تاریخ مرتب کریں گے ۔