سندھ پولیس میں اعلیٰ سطحی تبادلے و تقرریوں کے لیئے مشاورت آخری مراحل میں، آئی جی سندھ نے تحریری درخواست بھیج دی

 
0
436

پہلے مرحلے میں کراچی سمیت سندھ بھر کے 26 ایس ایس پیز کو تبدیل کیا جائیگا، سابق حکومت اور سندھ کے بااثر اشخاص یہاں تک کہ پولیس کے اعلیٰ افسران کو بھی امیدواروں کی فہرست سے لاعلم رکھا گیا
کراچی، جون 19 (ٹی این ایس): سندھ پولیس میں اعلیٰ سطحی تبادلے و تقرریوں کے لیئے مشاورت آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے اور اس ضمن میں نگران وزیر اعلیٰ، چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ نے دو دن تک مشاورت کی ہے۔ آئی جی سندھ امجد سلیمی کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کو سندھ بھر میں افسران کے تقرری و تبادلوں کے لیئے تحریری دراخواست بھیج دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں کراچی سمیت سندھ بھر کے 26 ایس ایس پیز کو تبدیل کیا جائیگا، سندھ بھر میں ہونے والے تبادلوں اور تقرریوں میں سابق حکومت اور سندھ کے بااثر اشخاص کو دور رکھا گیا ہے،میرٹ پر پورا اترنے والے، اچھا کام کرنے والے اور سیاسی اثررسوخ سے دور رہنے والے امیدواروں پر قسمت کی دیوی مہربان ہونے والی ہے،سندھ پولیس میں اعلیٰ سطحی تبادلوں میں مقتدر حلقوں سے بھی مشاورت کی گئی ہے،عام انتخابات شفاف بنانے کے لیئے ایماندار، اہل اور دبنگ افسران کو خصوصی ٹاسک دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر جن افسران کے نام گردش کرتے رہے ہیں وہ افواہ کے سوا کچھ نہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق آئی جیز حیدر جمالی اور اے ڈی خواجہ کے دور میں پوسٹنگز سے “سیاسی پرچی” نہ ہونے کے باعث محروم رہنے والے افسران کو اہم اضلاع میں تعینات کیا جائیگا۔نئے آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری نے سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران کو بھی امیدواروں کی فہرست سے لاعلم رکھا ہے۔نوٹیفکیشن آئندہ 72 گھنٹوں میں جاری کیا جائیگا۔